پٹنہ ضلع کے اردو ملازمین کی ماہانہ ترقیاتی میٹنگ کا انعقاد
اردو کے فروغ کے تعلق سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بالا درجہ محرر جناب طاھر رضا کو الوداعیہ پیش کیا گیا
پٹنہ : (پریس ریلیز) اردو ڈائرکٹوریٹ، محکمہ کابینہ سکریٹریٹ، حکومت بہار کے حسب ہدایت اور ضلع اردو زبان سیل، پٹنہ کلکٹریٹ کے زیر اہتمام بدھ کے روز پٹنہ کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں پٹنہ ضلع کے سبھی سب ڈویژن، بلاک اور سرکل آفسوں میں مامور اردو ملازمین کی ماہانہ نشست منعقد ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ترجمہ افسر بشمول انچارج آفیسر ضلع اردو زبان سیل جناب شہباز احمد نے کہا کہ ہمارا اولیں فریضہ اردو زبان کی ترویج و اشاعت اور اس کے فروغ کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہنا ہے۔ ساتھ ہی میٹنگ میں پیش کی گئی مختلف دفاتر کی ماہانہ ترقیاتی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت بہار نے اردو کے فروغ اور اردو آبادی کی سہولت کیلئے ہر دفتر میں اردو ملازم بحال کر رکھا ہے، لیکن اردو والے خود اردو میں اپنی درخواستیں نہیں دیتے ہیں۔ انہوں نے اردو آبادی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ دفاتر میں اپنی شکایتیں اور درخواستیں اردو زبان ہی میں جمع کریں، اس سے جہاں زبان کی ترقی ہوگی وہیں آپ کے مطالبات بھی جلد حل کئے جائیں گے۔
میٹنگ میں ماہ اگست کے اندر سبکدوش ہونے والے بالا درجہ محرر جناب طاھر رضا کو الوداعیہ بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر جہاں جناب طاھر رضا نے جذباتی انداز میں اپنے چونتیس سالہ مدت ملازمت کے تجربات پیش کئے وہیں دیگر اردو ملازمین نے بھی ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اپنے جذباتی الواعیہ خطاب میں جناب طاھر رضا نے کہا کہ پہلے نہ تو اردو ملازمین کو اتنے وسائل مہیا تھے، جتنے آج ہیں اور نہ ہی اتنی تعداد میں بحالیاں ہوتی تھیں۔ آج ریاست بہار کے ہر سرکاری دفتر میں اردو ملازم بحال ہے، لیکن افسوس کا مقام ہے کہ اردو آبادی زبان کے تئیں حساس و بیدار نہیں ہے۔ اس موقع پر ضلع اردو زبان سیل کے عملہ جناب منظور عالم اور جناب شاہد وصی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بلاک ترقیاتی دفتر بختیار پور کے اردو عملہ جناب شمیم احمد نے اپنی نظموں اور گیتوں سے سماں باندھ دیا۔ آخر میں انچار آفیسر ضلع اردو زبان سیل کے کلمات تشکر کے ساتھ میٹنگ اپنے انجام کو پہنچی۔ میٹنگ میں پٹنہ ضلع کے سبھی سب ڈویژن، بلاک اور سرکل آفسوں کے اردو ملازم شریک رہے۔
Comments are closed.