بیرول میں جھونپڑی سے 35 سالہ شنبھو کی لاش برآمد، بیوی کے ٹیٹو نے کھولا راز، عاشق کے ساتھ قتل کی گتھی سلجھانے میں پولیس مصروف،بیوی سمیت 3 افراد سے پوچھ گچھ جاری
جالے (محمد رفیع ساگر) بیرول تھانہ علاقے کے ہنومان نگر گاؤں میں منگل کی شام ایک سنسنی خیز واردات نے سب کو چونکا دیا۔ گاؤں سے تقریباً 300 میٹر دور ایک جھونپڑی نما مکان سے 35 سالہ شنبھو ساہو کی لاش برآمد ہوئی۔ متوفی کی شناخت گھنشیام پور تھانہ کے بسولی گاؤں کے باشندہ کے طور پر کی گئی۔ ابتدائی معائنہ میں گلا دباکر قتل کی بات سامنے آئی ہے۔
اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ شنبھو کی بیوی پنکی کماری کا کسی سنتوش نامی نوجوان کے ساتھ ناجائز تعلق تھا۔ متوفی کے والد سیتارام ساہو کا کہنا ہے کہ بہو نے اپنے ہاتھ پر ’سنتوش‘، ’پنکی‘ اور ’شنبھُو‘ تینوں کے نام کا ٹیٹو بنوا رکھا تھا اور وہ شوہر کے ساتھ رہنے کے بجائے اکثر مائکے میں رہتی تھی۔ اسی تعلق کی وجہ سے قتل کی سازش رچی گئی۔
معلومات کے مطابق شنبھو ساہو کی شادی سال 2011 میں ہوئی تھی۔ شادی کے بعد اسے 2 بچے ہوئے جن میں بیٹا انکت کمار (13 سالہ) اور ابھیشیک کمار (8 سالہ) شامل ہیں۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ بیوی پنکی کماری کو پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت مکان بنانے کے لیے رقم ملی تھی۔ اسی رقم کے سبب پچھلے چھ ماہ سے میاں بیوی کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا۔ معاملہ اتنا بڑھ گیا کہ پنکی نے شوہر کے گھر آنا چھوڑ دیا اور اپنے مائکے میں رہنے لگی۔ اس دوران اس نے شوہر شنبھو، سسر سیتارام ساہو، ساس ریکھا دیوی اور نابالغ نندوں کے خلاف بیرول کورٹ میں جہیز استحصال کا مقدمہ بھی دائر کر رکھا تھا۔
اہل خانہ نے بتایا کہ منگل کی صبح شنبھو مزدوری کا پیسہ لینے گھر سے نکلا تھا، لیکن شام تک واپس نہ لوٹا۔ شام تقریباً چھ بجے چھوٹے بھائی کو اطلاع ملی کہ شنبھو کو قتل کر کے سسرال کے قریب پھینک دیا گیا ہے۔ اطلاع پر اہل خانہ اور گاؤں کے لوگ ہنومان نگر پہنچے تو جھونپڑی نما مکان سے اس کی لاش ملی۔ لاش دیکھ کر گاؤں میں کہرام مچ گیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے دربھنگہ بھیج دیا۔ بیرول ایس ڈی پی او پربھاکر تیواری اور تھانہ صدر چندرمنی نے بتایا کہ متوفی کی بیوی، ساس اور دیگر رشتہ داروں کو حراست میں لے کر سخت پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔
Comments are closed.