پنجاب کے سیلاب متاثرین کے درمیان آل انڈیا ملی کونسل راحت رسانی کے کام میں سرگرم
متاثرین کے درمیان راشن کٹ، دواؤں اور دیگر ضروری سامانوں کی تقسیم، اہل خیر حضرات سے تعاون کی اپیل
پٹنہ (پریس ریلیز) پنجاب اور اس کے مضافاتی علاقوں میں حالیہ شدید سیلاب نے عوام کی زندگیوں کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے بعد آل انڈیا ملی کونسل نے متاثرہ علاقوں میں فوری اور منظم امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، تاکہ لوگ اس قدرتی آفت کے دوران سہارا محسوس کر سکیں۔ یہ کوششیں آل انڈیا ملی کونسل کے سکریٹری اور آل انڈیا ملی یوتھ آرگنائئزیشن کے کنوینر مولانا ڈاکٹر عبد المالک مغیثی کی قیادت میں جاری ہیں۔
ٹیم متاثرین تک کھانے پینے کی اشیاء، میڈیسین، کپڑے اور دیگر بنیادی ضروریات کے سامان پہنچا رہی ہے تاکہ وہ اس مشکل وقت میں سہارا محسوس کر سکیں۔ اس موقع پر امدادی وفد کی قیادت کر رہے مولانا ڈاکٹر مغیثی نے کہا:
ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ انسانی ہمدردی اور خدمتِ خلق بہت بڑی عبادت ہے۔ سیرتِ نبوی ﷺ میں بھی ہمیشہ ضرورت مندوں اور مظلوموں کی مدد کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ آج ہم اسی تعلیم کو عملی طور پر زندگی میں لا رہے ہیں۔ ہمارا مقصد صرف امداد پہنچانا نہیں بلکہ متاثرہ خاندانوں کے دلوں میں امید اور حوصلہ پیدا کرنا اور ان کے دکھوں میں شریک ہونا ہے۔یہ امدادی سرگرمیاں اس بات کا عملی مظاہرہ ہیں کہ انسانیت کے لیے خدمت، مذہب یا طبقے سے بالاتر ہو کر سب کی ذمہ داری ہے۔ آل انڈیا ملی کونسل کی ٹیم ہر گھر تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ کوئی بھی ضرورت مند اس بحران میں تنہا محسوس نہ کرے۔
یہ اقدامات نہ صرف متاثرین کے لیے سکون کا باعث ہیں بلکہ نوجوانوں اور معاشرے کو سیرتِ نبوی ﷺ کے اصولوں پر عمل کرنے کی ترغیب بھی دیتے ہیں، جس میں ہمدردی، قربانی اور ایک دوسرے کے دکھ بانٹنے کی تعلیم بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے لیے یہ امدادی اقدامات مرحلہ وار اور منظم طریقے سے جاری ہیں تاکہ ہر علاقے تک مدد پہنچے اور سب کو سکون اور تحفظ کا احساس ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے سیلاب متاثرین کے حالات دیکھ کر دل رنجیدہ ہوا، لوگ بہت تکلیف میں ہیں لیکن ساتھ ہی پنجاب کے عوام کے جذبۂ محبت اور احترام نے ہمارے دلوں کو خوش کر دیا۔ جس عزت اور خلوص کے ساتھ ہمیں یہاں قبول کیا گیا، وہ انسانیت اور بھائی چارے کی عظیم مثال ہے۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام متاثرین کی مشکلات آسان فرمائے اور ہم سب کو ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونے کی توفیق عطا کرے۔
واضح ہو کہ اس وقت جامعہ رحمت (عربک کالج) گھگھرولی، سہارن پور سے روانہ ہونے والا دس گاڑیوں پر مشتمل بڑا امدادی قافلہ، مولانا ڈاکٹر عبد المالک مغیثی مہتمم جامعہ رحمت کی قیادت میں پنجاب کے سیلاب متاثرین کے درمیان راحت رسانی کے کام میں لگاتار مصروف ہے۔اس قافلے نے پنجاب کے مختلف متاثرہ مقامات پر پہنچ کر سیلاب متاثرین کے حالات کا بغور جائزہ لیا اور ان کے درمیان راشن، ادویات اور روز مرہ استعمال کی اشیاء تقسیم کیں۔ قافلے کے اراکین نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے دکھ درد کو قریب سے محسوس کیا۔قافلہ بٹالا کے ایک گردوارے بھی گیا، جہاں گردوارے کے ذمہ داروں نے قافلے کا شاندار استقبال کیا۔ قافلے کی جانب سے گردوارے کو بھی راشن کٹ دی گئی تاکہ وہ اسے اصل اور صحیح مستحقین تک پہنچا سکیں۔ اس موقع پر بھائی چارے اور انسانی ہمدردی کا بے مثال منظر دیکھنے کو ملا۔
اس ریلیف ٹیم میں مندرجہ ذیل حضرات بھی شامل ہیں:مولانا عبد القادر نانولی، حافظ صادق نانولی، برہان بھائی نانولی، قاری ایوب ترفوہ، چودھری ندیم دبکورہ، حاجی مکرم ٹوڈرپور، عامر چودھری ٹوڈرپور، نوشاد بھائی چینچی، مستری امجد لودی پوراور چودھری ہاشم گھگھرولی، محمد تبریز رحمتی، عبدالماجد، محمد معصوم رحمتی وغیرہ
مولانا انیس الرحمن قاسمی کارگزار صدر، آل انڈیا ملی کونسل نے عوام و خواص سے اس کارِ خیر میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔مولانا ڈاکٹر محمد عالم قاسمی صدر، آل انڈیا ملی کونسل بہاراور مولانا مفتی محمد نافع عارفی جنرل سکریٹری، آل انڈیا ملی کونسل بہار نے خاص طور سے بہار کے عوام کو متوجہ کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ یہ وقت ہمدردی، قربانی اور تعاون کا ہے۔ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: "جو شخص اپنے بھائی کی ضرورت پوری کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کی ضرورت پوری کرتا ہے۔”ا س لیے اس کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے متاثرہ بھائیوں کی مدد کریں۔جو اہلِ خیر حضرات براہِ راست تعاون پہنچانا چاہتے ہیں، وہ اپنی رقم مرکزی آل انڈیا ملی کونسل کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر سکتے ہیں۔بہار کے عوام اپنی امداد براہِ راست آل انڈیا ملی کونسل بہار کے توسط سے بھی اپنا تعاون پہنچا سکتے ہیں، ریاستی کونسل مرکزی ملی کونسل تک اسے ذمہ داری کے ساتھ پہنچا دے گی۔یہ وقت آزمائش کا ہے اور اہلِ ایمان کے لیے نیکی اور خدمت کے مواقع کا ہے۔ آئیے! ہم سب مل کر اپنے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کا سہارا بنیں۔
Text Box: اکاؤنٹ نمبر آل انڈیا ملی کونسل
A/C Name: All India Milli Council
A/C NO. 10177185100
S B I ZAKIR NAGAR NEW DELHI, 25 IFS CODE: SBIN 0008079
Text Box: اکاؤنٹ نمبر آل انڈیا ملی کونسل بہار
A/C Name: All India Milli Council Bihar
A/C No: 185711010000127
IFSC Code: UBIN0818577
Bank Name: Union Bank of India
Comments are closed.