دینی، ملی و سماجی خدمات کے عزم کے ساتھ بسفی بلاک کے بھیروا گاؤں میں کاظمی فاؤنڈیشن کا افتتاح، علماء اور دانشوران کی شرکت
بسفی، مدہوبنی (نمائندۂ خصوصی)
بسفی بلاک کے بھیروا گاؤں کی سرزمین پر ایک تاریخی اور یادگار موقع اس وقت آیا جب کاظمی فاؤنڈیشن کے افتتاحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ فاؤنڈیشن علاقے کے تعلیمی و فلاحی کاموں کے لیے قائم کیا گیا ہے جس کی بنیاد نوجوان نسل نے رکھی ہے۔ افتتاحی اجلاس میں بڑی تعداد میں علما، دانشوران اور ملی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، افتتاحی تقریب کی سرپرستی معروف صحافی اور بصیرت آن لائن کے چیف ایڈیٹر مولانا غفران ساجد قاسمی نے فرمائی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو قیمتی مشوروں سے نوازتے ہوئے کہا: ہماری بستی کے ایک نوجوان نے فلاحی و تعلیمی خدمات کے لیے قدم اٹھایا ہے، یہ انتہائی خوش آئند بات ہے۔ ایسے مبارک اور نیک اقدام پر ہم سب کو بے پناہ مسرت ہے۔ میں فاؤنڈیشن کے بانی عزیزم مولوی حذیفہ اخلد حسین اور ان کے رفقاء کو دل کی گہرائیوں سے سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کے روشن مستقبل کیلئے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسے دور میں جبکہ نوجوان نسل سوشل میڈیا کے پیچھے اپنا وقت ضائع کررہی ہے، ایسے میں کسی نوجوان کا اپنی ملت اور سماج کے لیے فکر کرنا انقلابی تبدیلی کی علامت ہے، ہم سبھوں کو چاہیے کہ اپنے ایسے فعال، متحرک اور مثبت و انقلابی فکر رکھنے والے نوجوان کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں، مولانا غفران ساجد قاسمی نے اس موقع پر تنظیمی کام کرنے والوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کے اصول تعاونوا علی البر والتقوی پر عمل کرتے ہوئے خیر اور بھلائی کے کاموں میں بھرپور حصہ لیں اور اخلاص نیت کے ساتھ کام کریں یقینا اللہ اجر عظیم سے نوازے گا.

افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی راجد کے نوجوان لیڈر آصف احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ کاظمی فاؤنڈیشن جیسے ادارے وقت کی ضرورت ہیں، جو سماج میں تعلیمی بیداری اور فلاحی شعور پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل جب ایسے ادارے قائم کرتی ہے تو وہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ پورے معاشرے کے مستقبل کے لیے امید کی کرن ثابت ہوتے ہیں۔تقریب کی صدارت مولانا رضوان احمد قاسمی (سابق استاد دارالعلوم وقف دیوبند) نے فرمائی۔ انہوں نے اپنے پرمغز خطاب میں کہا: میں کاظمی فاؤنڈیشن کے بانی و صدر مولوی حذیفہ سلمہ کو اس عظیم قدم پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج کے دور میں ایسے ادارے ہر بستی کی ضرورت ہیں جہاں غریبوں کی فلاح وبہبود، ان کی تعلیم اور ان کی ضروریات پر توجہ دی جا سکے۔ مولوی حذیفہ سلمہ نے جو مضبوط قدم اٹھایا ہے وہ یقیناً لائقِ تحسین ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔”

اجلاس سے خطاب کرنے والے دیگر معزز مہمانوں میں مولانا نصر اللہ قاسمی معاون پرنسپل مدرسہ اصلاح المسلمین بینی پٹی ، مولانا جاوید اختر حلیمی قاسمی مہتمم مدرسہ رحمت العلوم منتی ساہر گھاٹ، مفتی فہیم قاسمی شیخ الحدیث جامعہ فیضان القرآن کٹھیلا ،مولانا سیف اللہ فہمی ندوی ڈائریکٹر بریلنیٹ اسکول بانکا اور مولانا عبدالغنی قاسمی پرنسپل مدرسہ حسینیہ پروہی شامل تھے۔ ان سب حضرات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فاؤنڈیشن کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور بانیانِ فاؤنڈیشن کے جذبے کو سراہا۔

اس موقع پر اجلاس میں شریک مقامی سماجی وملی شخصیات نے کاظمی فاؤنڈیشن کے قیام پر بے حد خوشی کا اظہار کیا۔ لوگوں نے کہا کہ اگر اس ادارے کے ذریعے تعلیم، علاج اور فلاحی منصوبوں پر عمل کیا گیا تو یہ نہ صرف بھیروا مدہوبنی بلکہ اطراف کی بستیوں کے لیے بھی بڑی نعمت ثابت ہوگا۔ معروف شاعر دانش کمال سرگم نے اپنی خوبصورت نظم سے مجلس میں سماں باندھ دیا. اجلاس کی نظامت مولانا جمال عبدالناصر قاسمی نے بحسن و خوبی انجام دیا، صدر جلسہ مولانا رضوان احمد قاسمی کی دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں ایا۔

واضح رہے کہ کاظمی فاؤنڈیشن کا قیام مدرسہ حسینیہ رانچی کے سابق ناظم مالیات حضرت مولانا محمد کاظم الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کی یاد میں عمل میں آیا ہے، افتتاحی تقریب کے موقع پر گاؤں کے تقریباً 100 غریب و نادار بچوں کے درمیان بیگ تقسیم کیا گیا، افتتاحی اجلاس کو کامیاب بنانے میں کاظمی فاؤنڈیشن کے بانی و صدر مولوی حذیفہ سلمہ، مولانا امان اللہ ندوی، مولانا صلاح الدین ندوی، حافظ احمد علی، مولانا اسلام الدین قاسمی، مولانا سیف اللہ ندوی ودیگر نوجوان پیش پیش رہے جبکہ بھیروا پنچایت کے سرپنچ محمد الن اور نوجوان سماجی کارکن محمد مہتاب شیخ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے نظر آئے، قاری محمد اخلد الحسینی استاذ مدرسہ حسینیہ رانچی کی نگرانی میں جلسہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا.
Comments are closed.