محمد آصف قریشی وقف جائیدادوں کے سروے کے لیے کوآرڈی نیٹر نامزد

وقف املاک کے کام میں تعاون کے لیے ہر ضلع میں کوآرڈی نیٹر نامزد کیے گئے ہیں
دیوبند: 13؍اکتوبر (نامہ نگار)
دفترمعاون سروے کمشنر وقف مظفر نگر کی جانب سے جاری کردہ ایک مکتوب کے مطابق قصبہ بڈھانہ کے رہائشی محمد آصف قریشی بڈھانوی کو وقف جائیدادوں کے سروے کے لیے کوآرڈی نیٹر نامزد کیا گیا ہے۔یہ تقرری دفتر کمشنر وقف، لکھنؤ کے جاری کردہ ہدایات کے تسلسل میں کی گئی ہے، جس کے تحت ’’امید پورٹل ‘‘ پر رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ وقف املاک کے کام میں تعاون کے لیے ہر ضلع میں کوآرڈی نیٹر نامزد کیے گئے ہیں۔معاون سروے کمشنر وقف مظفر نگر کے جاری کردہ مکتوب میں بتایا گیا ہے کہ وقف جائیدادوں کے ڈیجیٹلائزیشن اور شفافیت کی سمت میں یہ ایک اہم قدم ہے۔ کوآرڈی نیٹر کے طور پر نامزد افراد کو وقف املاک کی فیڈنگ، تصدیق اور دستاویز بندی سے متعلق تمام تکنیکی امور میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔محمد آصف قریشی بڈھانوی کو یہ ذمہ داری ان کی سماجی خدمات، تجربے اور تنظیمی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے سونپی گئی ہے۔ انہیں ضلع میں وقف املاک کے ربط و ہم آہنگی اور نگرانی کے کام کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ مکتوب میں واضح طور پر ذکر ہے کہ کوآرڈی نیٹر کے فرائض میں وقف املاک کی معلومات کو درست طور پر پورٹل پر اپ لوڈ کرنا، ضروری دستاویزات جمع کرنا اور متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنا شامل ہے۔محمد آصف قریشی بڈھانوی نے اپنی تقرری پرکہا کہ مجھے کوآرڈی نیٹر کے طور پر جو ذمہ داری دی گئی ہے، وہ میرے لیے بڑی خوشی کا باعث ہے۔ میں پوری دیانت داری اور خلوص نیت کے ساتھ وقف املاک کے تحفظ اور ڈیجیٹلائزیشن کے کام میں بھرپور کردار ادا کروں گا۔مقامی سطح پر محمد آصف قریشی بڈھانوی کی اس تقرری کو ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Comments are closed.