میلے کی رونق میں چھپا اندھیرا… ماں اور 2 سالہ بیٹی پراسرار طور پر لاپتہ، کوئی سراغ نہیں ، پولیس تفتیش میں مصروف

 

جالے:(محمد رفیع ساگر/بی این ایس)

سنگھواڑہ تھانہ علاقے میں میلے کی سیر کو نکلی ایک ماں اور اس کی 2 سالہ بیٹی اچانک لاپتہ ہوگئیں۔ مقامی لوگوں میں سنسنی اور خاندان میں شدید پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ پولیس معاملے کی گہرائی سے چھان بین کر رہی ہے۔

 

5 اکتوبر کو رانی دیوی (21) اپنی دو سالہ بیٹی رُچتا کماری کے ساتھ میلہ دیکھنے گئی تھیں لیکن رات گئے تک واپس نہیں لوٹیں۔ کافی تلاش کے باوجود جب کوئی سراغ نہیں ملا تو اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی۔ لاپتہ ماں بیٹی کی شناخت رگھوا گاؤں کی رہائشی رانی دیوی اور ان کی بیٹی رُچتا کماری کے طور پر ہوئی ہے۔

 

بتایا گیا کہ میلے کے دوران بھیڑ میں رانی دیوی اور ان کی بیٹی ایک دوسرے سے بچھڑ گئیں، جس کے بعد سے دونوں کا کچھ پتا نہیں چلا۔ رانی دیوی اپنے شوہر وپن کمار اور بیٹی کے ساتھ میکے رگھوا گاؤں آئی ہوئی تھیں۔ وہ اپنی سہیلیوں آنچل کماری اور کرن دیوی کے ساتھ میلہ دیکھنے گئی تھیں۔ کرن دیوی کے مطابق، میلے میں کافی بھیڑ تھی، اسی دوران رانی دیوی اور ان کی بچی نظروں سے اوجھل ہوگئیں۔ بہت تلاش کے باوجود ان کا کوئی پتا نہ چل سکا۔

 

رانی دیوی کے شوہر وپن کمار نے بتایا کہ بیوی کے موبائل پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر نمبر بند ملا۔ میلے کے اردگرد کے علاقوں میں بھی تلاش کی گئی لیکن کچھ ہاتھ نہ لگا۔ رشتہ داروں کو اطلاع دینے کے باوجود کوئی سراغ نہیں ملا۔ پورا خاندان ان کی بخیریت واپسی کے لیے دعاگو ہے۔

 

ادھر پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ تھانہ انچارج بسنت کمار کے مطابق آس پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگالی جا رہی ہے اور معاملے کی سنجیدگی سے جانچ ہو رہی ہے۔ پولیس کو امید ہے کہ جلد ہی دونوں کا پتہ چل جائے گا۔

Comments are closed.