دارالعلوم دیوبند میں شجرکاری مہم کے تحت پیڑ لگائے گئے
دیوبند،18؍ اکتوبر(نامہ نگار)
دارالعلوم دیوبند میں ماحولیات کے تحفظ اور سبز فضا کی بقا کے پیش نظر شجرکاری مہم چلائی گئی۔ اس موقع پر نائب مہتمم دارالعلوم مولانا عبدالخالق مدراسی اور دارالاقامہ کے ناظم مولانا اشرف عباس نے خود اعظمی منزل سے لے کر جی ٹی روڈ تک مختلف اقسام کے پیڑ پودے لگائے۔شجرکاری کے اس عمل میں مولانا شاہد اختر بھی شریک رہے۔ مہم کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ درخت نہ صرف زمین کی زینت ہیں بلکہ انسانی زندگی کی بقا کے لیے ناگزیر حیثیت رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ دارالعلوم کے مختلف احاطوں میں پہلے سے ہی خوبصورت اور سرسبز چمن موجود ہیں، جن میں دار جدید اور شیخ الہند لائبریری کے باغات خصوصیت سے قابلِ ذکر ہیں۔شجرکاری کی یہ مہم مہتمم دارالعلوم دیوبند کے خصوصی حکم کے تحت انجام دی گئی، جنہوں نے اس اقدام کو ماحول دوست معاشرے کی تشکیل اور نئی نسل میں فطرت سے محبت کا پیغام قرار دیا۔دارالعلوم انتظامیہ نے بتایا کہ اس سلسلے کو مستقل طور پر جاری رکھا جائے گا تاکہ ادارے کے ہر حصے میں سرسبز ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔
Comments are closed.