جامعہ کالج آف فارمیسی دیوبند میں دیوالی کی مناسبت سے رنگولی مقابلہ کا انعقاد

آلودگی پیدا ہونے کے مد نظر آتش بازی محدود مقدار میں کی جانی چاہئے : ڈاکٹر انور سعید
دیوبند،18؍ اکتوبر(نامہ نگار)
دیوبند میں فارمیسی کے مشہور ومعروف ادارہ جامعہ کالج آف فارمیسی دیوبند میں سنیچر کے روز آنے والے روشنی کے تہوار دیوالی کی مناسبت سے رنگولی مقابلہ کا انعقاد کیا گیا ،پروگرام کا افتتاح ادارہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انور سعید اور سکریٹری ڈاکٹر اختر سعید نے مشترکہ طور پر کیا ،اس موقع پر ڈاکٹر انور سعید نے طلبہ وطالبات کو آنے والے روشنی کے تہوار دیوالی کو بہت احتیاط کے ساتھ منانے کا مشورہ دیا ۔انہوں نے کہا کہ دیوالی روشنی اور آتش بازی کا تہوار ہے ،اس تہوار کے موقع پر جہاں چاروں طرف روشنیاں جگمگاتی ہیں وہیں بے دریغ آتش بازی کا بھی استعمال کیا جاتا ہے ،ڈاکٹر انور سعید نے کہا کہ آتش بازی سنبھل کر کرنی چاہئے ،کیونکہ جہاں آتش بازی کی وجہ سے آگ لگ جانے کے خطرات رہتے ہیں وہیں آتش بازی زیادہ مقدار میں کرنے سے آلودگی میں بھی بے حدا ضافہ ہوتاہے ،انہوں نے بتایا کہ آتش بازی کی وجہ سے ہوا میں نمایاں مقدار میں آلودگی خارج ہوتی ہے ،ان آلودگیوں میں ذرات ،سلفر ڈائی آکسائڈ ،کاربن مونو آکسائڈ اورمختلف قسم کی بھاری دھاتیں موجود ہوتی ہیں ،اس وجہ سے ان آلودگیوں کے سبب سانس لینے کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں ،اس کے علاوہ مریضوں کی بیماریوں اور صحت کے لئے مضر ثابت ہونے کے علاوہ بوڑھے اور بچے خاص طور پر کمز ور افراد ان نقصان دہ اثرات کا شکار ہوسکتے ہیں ۔ڈاکٹر انور سعید نے اس موقع پر طلبہ وطالبات کو بتایا کہ آئیڈیل شہریوں کے فرائض کیا کیا ہوتے ہیں ۔کالج کے پرنسپل پروفیسر شارم نے طلبہ وطالبات کو آئیڈیل اسٹوڈنٹ بننے اور اپنے مقاصد کے حصول کے بعد معاشرہ کی تئیں ان کے کیا فرائض ہیں اس کی تفصیلات بیان کیں ۔اس موقع پر آصف ،فیضی ،عائشہ پروین ،روپا لانبا ،اجے ،شبلی اقبال عارف ،محمد شاہ رخ عثمانی ،سدھیراور شکھا وغیرہ موجود رہے ۔

Comments are closed.