مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
آئی سی ایم آر نے اے ایم یو کے ایم ڈی ایس تھیسس ریسرچ کے لیے مالی تعاون فراہم کیا
علی گڑھ، 18 اکتوبر: ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ پیریوڈونشیا و کمیونٹی ڈینٹسٹری کے ایک پوسٹ گریجویٹ تحقیقی منصوبے کو انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کی جانب سے ڈپارٹمنٹ آف ہیلتھ ریسرچ پروگرام کے تحت مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ یہ تحقیق تمباکو کے استعمال سے متاثرہ افراد میں منھ کے سرطان کی جلد تشخیص کے لیے اختراعی مولیکیولر طریق ہائے عمل پر مبنی نئے امکانات کو تلاش کرنے پر مرکوز ہے، جو منھ کی صحت اور کینسر کی تشخیص و علاج کے نظام کو مستحکم کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
جونیئر ریزیڈنٹ(ایم ڈی ایس) ڈاکٹر ہریدیا جے، یہ تحقیق پروفیسر نیہا اگروال، چیئرپرسن، شعبہ پیریوڈونشیا و کمیونٹی ڈینٹسٹری کی نگرانی میں کررہی ہیں۔ تحقیقی ٹیم میں بطور شریک گائیڈ ڈاکٹر پرمود کمار یادو، ڈاکٹر صفیہ حبیب (شعبہ بایوکیمسٹری، جے این میڈیکل کالج)، ڈاکٹر جوہی گپتا اور ڈاکٹر سید امان علی شامل ہیں۔
ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری نے پروفیسر اگروال اور ڈاکٹر ہریدیا جے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دستیابی اے ایم یو کی تحقیقی کارکردگی اور ملک میں سرطان کی روک تھام و ابتدائی تشخیص کے قومی اقدامات میں اس کے کردار کو مزید تقویت دیتی ہے۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
پروفیسر احرار حسین کو یو جی سی- فاصلاتی تعلیم بیورو میں نامزدگی پر مبارکباد پیش کی گئی
علی گڑھ، 18 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سنٹر فار ڈسٹینس اینڈ آن لائن ایجوکیشن (سی ڈی او ای) نے پروفیسر احرار حسین کو یونیورسٹی گرانٹس کمیشن، ڈسٹینس ایجوکیشن بیورو (یو جی سی-ڈی ای بی)، نئی دہلی کی اسٹینڈنگ اپیلیٹ کمیٹی کے چیئرمین / رکن کی حیثیت سے ان کی نامزدگی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ پروفیسر احرار حسین سی ڈی او ای، اے ایم یو کے سینٹر فار کوالٹی ایشورنس (سی آئی کیو اے) کے بھی رکن ہیں۔
سی ڈی او ای کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد نفیس احمد انصاری نے اپنے تہنیتی پیغام میں پروفیسر احرار حسین کی شاندار علمی و انتظامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ان کی لگن، تجربے اور مؤثر کردار کا اعتراف ہے۔
پروفیسر احرار حسین نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے فاصلاتی اور آن لائن تعلیم کے نظم و ضبط میں اسٹینڈنگ اپیلیٹ کمیٹی کے کردار اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
یوم سرسید پر ویمنس کالج میں کلچرل کلب کے تحت خراج عقیدت تقریب منعقد
علی گڑھ، 18 اکتوبر: سرسید ہفتہ کے تحت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ویمنس کالج میں کلچرل کلب کے تحت فائن آرٹ کی طالبات نے بانیئ درسگاہ سرسید احمد خاں کو شایان شان خرج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی زندگی، کارنامے اور ان کے افکار و نظریات کو خوبصورت انداز میں کینوس پر اتارا۔ طالبات نے اس موقع پراپنے ہاتھوں سے بنائے گئے بورڈ، اور پینٹنگ وغیرہ کی نمائش بھی کی۔ طالبات نے سرسید احمد خاں کے افکار کو اردو، ہندی اور انگریزی میں کینوس پر اتار کر بہت خوبصورتی سے پیش کیا، جس نے سبھی کی توجہ اپنی جانب مبذول کی۔ سرسید احمد خاں نے ایک بار کہا تھا کہ تعلیم ذہنوں کو آزاد کرتی ہے اور روح کو روشن، اس کے بغیر قوم کی ترقی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتاہے۔ اسی طرح ہندو اور مسلم ایک خوبصورت دلہن کی دو آنکھیں ہیں۔ سر سید کے ایسے تعلیمی، قومی، اور اصلاحی افکار و خیالات کو ڈسپلے کرکے طالبات نے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر کارگزار پرنسپل پروفیسر شگفتہ امتیاز نے کہا کہ سرسید احمد خاں ایک مصلح قوم، محب وطن اور ماہر تعلیم تھے، انہوں نے قوم کو تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ بنانے کا خواب دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طالبات کے ذریعہ یہ خوبصورت نمائش در اصل ان کے خوابوں کی سچی تعبیر ہے۔ پروفیسر شگفتہ امتیاز نے طالبات اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سرسید احمد خاں کے پیغام کو معاشرے میں لے کر جانا ہے اور ہر فرد تک پہنچانا ہے تاکہ آنے والی نسلیں ان کے افکار و خیالات سے اپنی زندگی کو منور کریں۔
اس موقع پر لگائی گئی نمائش کو کالج کے اساتذہ اور طالبات نے دیکھا۔ اس موقع پر ڈاکٹر وسیم مشتاق وانی، ڈاکٹر حمیرا محمود آفریدی، ڈاکٹر فرح سیف عابدین، ڈاکٹر بشریٰ نسیم، ڈاکٹر حنا فاطمہ معینی، ڈاکٹر نزہت پروین اور ڈاکٹر افسانہ پروین موجود رہیں۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
ڈاکٹر لکشمی نے سر سید احمد خاں کو خراج عقیدت کے طور پر اپنی متاثر کن پینٹنگ اے ایم یو وائس چانسلر کو پیش کی
علی گڑھ، 18 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی اسکول ٹیچر اور معروف آرٹسٹ ڈاکٹر لکشمی نے بانیئ درسگاہ سر سید احمد خاں ؒ کی زندگی اور وژن سے متاثر ہو کر ایک دلکش پینٹنگ تخلیق کی۔ یہ فن پارہ سر سید کی جدوجہد، عزم اور مشکلات کے باوجود یونیورسٹی کی بنیاد رکھنے کی ان کی انتھک کوششوں کو خوبصورت انداز میں پیش کرتا ہے۔
اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) کی ٹیچر ڈاکٹر لکشمی نے یہ پینٹنگ سر سید کے یوم پیدائش کے موقع پر اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کو پیش کی۔ ان کے ہمراہ یونیورسٹی کے دفتر رابطہ عامہ کی ممبر انچارج پروفیسر وبھا شرما بھی موجود تھیں۔
وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے ڈاکٹر لکشمی کے اس خوبصورت اقدام کو سراہتے ہوئے فن پارے اور فنکارہ دونوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پینٹنگ سر سید کے وژن اور قومی تعمیر میں ان کے کردار کو نہایت خوبصورتی سے اجاگر کرتی ہے۔
اپنے تاثرات میں ڈاکٹر لکشمی نے سر سید کے اتحاد و ہم آہنگی کے پیغام کو یاد کرتے ہوئے ان کے الفاظ دہرائے کہ ”ہندو اور مسلمان اس قوم کی دو آنکھیں ہیں۔“ انہوں نے کہا کہ میں نے یہ پینٹنگ اس دور اندیش رہنما کو خراجِ عقیدت کے طور پر بنائی ہے، جس نے صبر، یقین اور مسلسل محنت کے ذریعے اس عظیم ادارے کی بنیاد رکھی۔ ڈاکٹر لکشمی نے مزید کہا کہ یہ فن پارہ اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ سر سید نے مشکلات، مخالفت اور تنقید کے باوجود اپنے مشن، تعلیم کے ذریعے قوم کو روشنی دینے سے قدم کبھی پیچھے نہیں ہٹائے۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کے خواب کو آگے بڑھائیں اور اے ایم یو کو ملک کی صف اول کی یونیورسٹی بنائیں۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
شعبہ اطلاقی ریاضی، اے ایم یو میں نئے چیئرمین کی تقرری
علی گڑھ، 18 اکتوبر: ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ اطلاقی ریاضی کے ڈاکٹر نبی اللہ خان کو شعبہ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی مدت کار تین سال ہوگی۔
پروفیسر نبی اللہ خان نے اپنی تدریسی خدمات کا آغاز علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں سال 2003 سے کیا۔ انہوں نے ریاضی میں ایم ایس سی (1996)، ایم فل (1998)، اور پی ایچ ڈی (2002) کی ڈگریاں شعبہ ریاضی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے حاصل کیں۔ انہیں ریاضی کے مختلف شعبوں میں تقریباً 23 سال کا تدریسی و تحقیقی تجربہ حاصل ہے۔ ان کے تحقیقی موضوعات میں ایپلی کیبل انالیسز،اسپیشل فنکشنس، جنریٹنگ فنکشنس، انٹیگرل ٹرانسفارمز اور متعلقہ مباحث شامل ہیں۔
پروفیسر خان کے 170 سے زائد تحقیقی مضامین بین الاقوامی شہرت یافتہ جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔ وہ اب تک 8 ریسرچ اسکالرز کی نگرانی کرچکے ہیں، جبکہ 4 محققین ان کی نگرانی میں فی الوقت پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔ انہیں انڈین میتھ میٹیکل سوسائٹی کی جانب سے بیسٹ ریسرچ پیپر پرزنٹیشن انعام اور انڈین سائنس کانگریس ایسوسی ایشن (آئی ایس سی اے) کی جانب سے بیسٹ پیپر ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔
پروفیسر خان کو 2019 سے 2021 کے درمیان سائنس اینڈ انجینئرنگ ریسرچ بورڈ، محکمہ سائنس وٹکنالوجی، حکومت ہند کی جانب سے ایک اہم تحقیقی منصوبہ دیا گیا۔ وہ سوسائٹی فار دی اسپیشل فنکشنز اینڈ دیئر ایپلیکیشنز (ایس ایس ایف اے) کے بانی رکن ہیں اور دیگر علمی تنظیموں جیسے آئی ایم ایس، آئی ایس ایم اے ایم ایس،آر ایم ایس، اور آئی ایس سی اے کے بھی رکن ہیں۔
وہ 2011 سے 2014 تک یونیورسٹی کورٹ کے منتخب رکن بھی رہے ہیں۔
Comments are closed.