وشن پور میں لین دین کے تنازعہ پر نوجوان کا گولی مار کر قتل، ملزم فرار
جالے(محمد رفیع ساگر)وشن پور تھانہ علاقہ کے گوڈھیاری لاوا گاوں میں 32 سالہ رمیش سدا نامی نوجوان کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ متوفی کی بیوی نے الزام لگایا ہے کہ اس کے شوہر کے ساتھ آئے دوست چھوٹو یادو نے ہی رمیش کو گولی مار کر قتل کیا۔ خاتون کے مطابق چھوٹو یادو گزشتہ تین چار دنوں سے ان کے گھر آتا جاتا رہا تھا اور واردات کے دن منہ ڈھکے ہوئے آیا، بعد میں گولی مار کر فرار ہو گیا۔پولیس نے لاش کے قریب سے ہی ایک پستول، 3 زندہ کارتوس اور ایک کھوکھا برآمد کیا ہے۔آیا یہ معاملہ قتل کا ہے یا پھر خودکشی کا کئی نکات پر تفتیش جاری ہے۔
رمیش کے بڑے بھائی دلیپ داس نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ اس کے بھائی کو چھوٹو یادو نے ہی گولی ماری۔ دلیپ نے بتایا کہ کچھ مالی لین دین کے معاملے پر دونوں کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا۔ جیسے ہی اہل خانہ موقع پر پہنچے، تب تک ملزم وہاں سے بھاگ چکا تھا۔ دلیپ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ چھوٹو یادو کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔
وشن پور تھانہ انچارج اروند کمار نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی وہ موقع واردات پر پہنچے اور معاملے کی باریکی سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایم سی ایچ بھیج دیا گیا ہے جبکہ ایف ایس ایل ٹیم شواہد اکٹھا کرنے میں مصروف ہے۔ پولیس نے بتایا کہ لاش کے قریب سے برآمد ہتھیار اور زندہ مارتوس کو فارنسک جانچ کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے، تاہم ممکنہ شواہد کی بنیاد پر ملزمان کی شناخت و گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ موبائل کال ڈیٹا کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔ ادھر مقامی لوگوں کے مطابق رمیش شادی شدہ تھا اور اس کے دو چھوٹے بچے ہیں۔ گھر میں غم و اندوہ کا ماحول ہے اور لواحقین کا رو رو کر برا حال ہے۔
Comments are closed.