بی جے پی کے دباؤ میں جن سورج کے تین امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے: پرشانت کشور

پٹنہ(ایجنسی)جن سوراج پارٹی کے بانی پرشانت کشور نے منگل کو الزام لگایا کہ ان کی پارٹی کے تین امیدواروں نے بہار اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ’’دباؤ‘‘کے تحت اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔ پٹنہ کے شیخ پورہ ہاؤس میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کشور نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حکمراں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) الیکشن ہارنے کے خوف سے مخالف امیدواروں کو میدان سے دستبردار ہونے کی دھمکی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’جن سوراج کو ووٹ کاٹنے والا کہنے والی بی جے پی دراصل خوفزدہ ہے۔ بی جے پی مہاگٹھ بندھن سے نہیں، بلکہ جن سوراج سے ڈرتی ہے۔ اس کی ایک مثال یہ ہے کہ پچھلے چار دنوں میں ہمارے اعلان کردہ تین امیدواروں کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔‘‘ کشور نے کہا:’’جمہوریت کا قتل ہو رہا ہے، ملک میں ایسی کوئی نظیر نہیں ملتی۔‘‘
انہوں نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ امیدواروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ کشور نے کہا کہ جن امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیے ہیں وہ دانا پور، برہما پور اور گوپال گنج سیٹوں سے الیکشن لڑ رہے تھے۔ انہوں نے کہا، ’’بی جے پی ’’سورت ماڈل‘‘ کو نقل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جہاں اس کا امیدوار بلا مقابلہ جیت گیا کیونکہ دیگر تمام امیدواروں کو دستبردار ہونے پر مجبور کیا گیا تھا۔ بی جے پی یہ سمجھنے میں ناکام ہے کہ پورے ملک کے ووٹروں نے اسے اس کے لیے سبق سکھایا، پچھلے لوک سبھا انتخابات میں 400 سے زیادہ جیتنے کا دعویٰ کرنے کے باوجودصرف 240سیٹوں پرسمٹ گئی تھی۔‘‘

Comments are closed.