بستوارة لکشمی ٹول کے 2 نوجوان سڑک حادثے میں ہلاک،اتربیل وشن پور کے سَرور سیٹو کے قریب پیش آیا المناک واقعہ
جالے (محمد رفیع ساگر/بی این ایس)
سِمرِی تھانہ حلقہ کے ارئی سرور سیٹو کے قریب بدھ کی دوپہر ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں مال بردار پِک اَپ وین اور موٹر سائیکل کے آمنے سامنے کی ٹکر میں 2 نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ مہلوکین کی شناخت مادھوپور بستوارة پنچایت کے لکشمی ٹول باشندہ منوج ٹھاکر کے بیٹے منجیت کمار عرف سمن ٹھاکر (22) اور رویندر ٹھاکر کے بیٹے آشیش ٹھاکر (23) کے طور پر کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اتر بَیل وشن پور سڑک پر سیتا مڑھی شیوہر سے سَمَستِی پُور کے لیے پائپ لے جا رہی پِک اَپ وین (رجسٹریشن نمبر BR06GG4064) جب ارئی پل کے قریب پہنچی تو سامنے سے آ رہی یامہا ایف زی موٹر سائیکل (BR07 1P5968) سے زوردار تصادم ہو گیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حادثے کے بعد مقامی لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔ ڈائل 112 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر فرار ہونے کی کوشش کر رہی پِک اَپ وین کو اپنی تحویل میں لے لیا، تاہم ڈرائیور جس کی شناخت شیوہر ضلع کے پوکھر بھنڈا باشندہ وجے سنگھ کے طور پر ہوئی ہے، موقع سے فرار ہو گیا۔
پائپ کاروباری رندھیر کمار، جو وین پر سوار تھے نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار نوجوان سڈھوارا کی جانب سے تیز رفتار میں آ رہے تھے اور بے قابو ہو کر وین سے ٹکرا گئے۔ مقامی باشندگان بنود ٹھاکر اور سنجے ٹھاکر نے بتایا کہ دونوں نوجوان ممبئی اور نیپال سے دیوالی منانے اپنے گھر بستوارة لکشمی ٹول آئے ہوئے تھے۔ بدھ کی دوپہر تقریباً تین بجے وہ سڈھواڑہ بازار سے واپس لوٹ رہے تھے کہ سرور سیٹو کے نزدیک یہ حادثہ پیش آ گیا۔
حادثے کی خبر ملتے ہی گاؤں میں کہرام مچ گیا۔ سِمرِی تھانہ کے انچارج اروِند کمار نے بتایا کہ دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایم سی ایچ بھیج دیا گیا ہے۔ پائپ سے لدی پِک اَپ وین اور موٹر سائیکل کو ضبط کر لیا گیا ہے جبکہ مفرور ڈرائیور کی شناخت و گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ پولیس نے وین پر موجود پائپ تاجر رندھیر کمار سے بھی تفصیلی پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔
Comments are closed.