بہارانتخابات 2025:تیجسوی یادوہوں گے مہاگٹھبندھن کے وزیراعلیٰ ،مکیش سہنی نائب وزیراعلیٰ،مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان
پٹنہ(ایجنسی)بہار میں مہاگٹھ بندھن نے راشٹریہ جنتا دل کے رہنما تیجسوی پرساد یادو کو اسمبلی انتخابات 2025 کے لیے اپنا وزیر اعلیٰ امیدوار قرار دیا ہے۔ کانگریس کے انتخابی مبصر اور راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت نے آج پٹنہ میں منعقدہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مہاگٹھ بندھن کی ساتوں اتحادی جماعتوں کے سربراہان اور سینئر رہنما موجود تھے۔
مسٹر گہلوت نے یہ بھی اعلان کیا کہ اگر مہاگٹھ بندھن حکومت بناتا ہے تو وی آئی پی پارٹی کے سربراہ مکیش سہنی کو نائب وزیر اعلیٰ مقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہاگٹھ بندھن نے اپنے وزیر اعلیٰ کے چہرے کا اعلان کر دیا ہے، جب کہ وزیر اعلیٰ کے چہرے کو لے کر این ڈی اے میں ابھی تک صورتحال غیر واضح ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تیجسوی پرساد یادو نے انہیں وزیر اعلیٰ کا چہرہ قرار دینے پر اتحاد کے قائدین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مہاگٹھ بندھن کے شراکت داروں کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
اس دوران مہاگٹھ بندھن پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر پرتول شاہ دیو نے کہا کہ اپوزیشن لیڈروں کے ذاتی عزائم اتنے زیادہ ہیں کہ ہر لیڈر وزیر اعلیٰ بننا چاہتا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے مہاگٹھ بندھن پر بہار کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کرنے کا الزام لگایا۔ رانچی میں خطاب کرتے ہوئے مسٹر دیو نے کہا، این ڈی اے نے واضح کر دیا ہے کہ وہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔
Comments are closed.