نیشنل ہائی وے پر اے ٹی ایف سے بھرے ٹینکر میں بھیانک آگ لگی

فائر سروس کی بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹال گیا
دیوبند،23؍ اکتوبر(نامہ نگار)
نیشنل ہائی وے پر اس وقت افرا تفری مچ گئی جب ایوی ایشن ٹربائن فیول یعنی ہوائی جہاز میں استعمال ہونے والے ایندھن سے بھرے ایک ٹرک (ٹینکر) میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ یہ حادثہ تھانہ بہاری گڑھ کے قریب گنیش پور کے مقام پر پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر سروس کنٹرول روم سہارنپور نے فوری ایکشن لیتے ہوئے کئی فائر یونٹس کو جائے حادثہ پر روانہ کیا۔ مرکزی فائر آفیسر کی قیادت میں تھانہ فتح پور سے واٹر مسٹ یونٹ، تھانہ مرزا پور سے واٹر ٹینڈر، اور بہٹ روڈ فائر اسٹیشن سے واٹر باؤزر موقع پر بھیجے گئے۔ سب سے پہلے واٹر مسٹ یونٹ جائے حادثہ پر پہنچا اور مستعدی کے ساتھ آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔ ٹیم نے نہایت پیشہ ورانہ مہارت اور جانفشانی کے ساتھ آگ پر قابو پا لیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ ٹرک بھٹنڈہ سے دہرادون ایئرپورٹ کے لیے ایندھن لے جا رہا تھا۔ آگ سے ٹرک کے کیبن اور ٹائروں کو نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے پورا ایندھن سے بھرا ٹینکر مکمل طور پر محفوظ رہا۔ اگر آگ ٹینکر تک پہنچ جاتی تو ایک بڑا دھماکہ اور تباہی رونما ہو سکتی تھی۔ فائر سروس کے جوانوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر بروقت کارروائی کی اور نہ صرف آگ کو پھیلنے سے روکا بلکہ کسی قسم کی جانی نقصان سے بھی بچاؤ کیا۔ مقامی شہریوں نے فائر بریگیڈ کی اس تیز، منظم اور بہادرانہ کارروائی کی بھرپور تعریف کی۔ فائر سروس کے افسران کے مطابق ابتدائی تفتیش سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ آگ ٹرک کے انجن یا برقی شارٹ سرکٹ سے لگی ہو سکتی ہے، تاہم حتمی وجوہات کی جانچ جاری ہے۔ واقعہ کے بعد کچھ دیر کے لیے نیشنل ہائی وے پر ٹریفک متاثر رہا، مگر فائر ٹیم کے مؤثر انتظام کے باعث جلد ہی آمد و رفت بحال کر دی گئی۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ اگر فائر سروس ٹیم موقع پر تاخیر سے پہنچتی تو ایک بڑا سانحہ پیش آ سکتا تھا۔ ان کی بروقت کارروائی نے نہ صرف لاکھوں روپے کے نقصان سے بچایا بلکہ علاقہ ایک بڑے حادثے سے محفوظ رہا۔

Comments are closed.