اورائی ضلع مدھے پورہ کے طوفان زدگان کی حالت اب بھی غمناک، امارت شرعیہ کی طرف سے پچاسی خاندان کے درمیان چھت کے سایہ کے لئے ٹین شیٹ کی تقسیم

 

پھلواری شریف پٹنہ(پریس ریلیز) 4؍اکتوبر کے چکروردی طوفان نے موضع اورائی وخیرہو بلاک پورینی ضلع مدھے پورہ کی پوری آبادی کے مکانات ،درختوں اورجان ومال کو جس طرح نقصان پہونچایا اس تباہی کو دیکھ کر عذاب کا ایک منظر آنکھوں میں پھر جاتاہے،یوں تو اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں بارش اور طوفانی ہوا کے اثرات تقریباً ہرجگہ رہے ،مگر ان دونوں آبادی کو شدید چکروردی طوفان نے جس طرح اپنی چپیٹ میں لیا اس نے دل ودماغ کو جھنجھور کر رکھ دیا ہے،سینکڑوں مکانات کی چھت کے ٹین شیٹ روئی کے گالوں کی طرح ہوا میں اڑتے دکھائی دیئے،درخت ،بانس اور کچے مکانات کو طوفان نے توڑ مروڑ کر ڈھیر اور ملبے میں تبدیل کردیا،دیوار گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی،اور کئی لوگ زخمی موت وزیست کی کشمکش میں مبتلاہیں،اس تباہی کی اطلاع جیسے ہی امارت شرعیہ کو موصول ہوئی امیر شریعت مفکرملت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ نے ناظم امارت شرعیہ مولانامفتی محمد سعیدالرحمن قاسمی صاحب کو بلاتاخیر صورت حال کا جائزہ لینے اور حقیقت حال سے واقف کرانے کا حکم فرمایا،چنانچہ ناظم امارت شرعیہ کے مشورہ سے قاضی شریعت مدھے پورہ جناب مولانا فیاض عالم قاسمی وقاضی شریعت مدھیلی پورینی جناب مولانا وحیداللہ قاسمی صاحب اورائی پہونچے،حالات کا جائزہ لیااور تباہی وبربادی کی ایک سروے رپورٹ محترم ناظم امارت شرعیہ کو ارسال کیا،سروے میں اس بات کا ذکر کیاگیاکہ اس وقت لوگوں کو کھانے پینے کی چیزوں سے زیادہ سرکے سایہ کی ضرورت ہے،لوگوں کی بڑی تعداد چھت کے سایہ سے محروم کھلے آسمان کے نیچے پلاسٹک اور ترپال کے سایہ میں زندگی گذاررہے ہیں،حضرت امیر شریعت کی خدمت میں رپورٹ پیش ہوئی ،آپ نے غیر معمولی دردمندی کا اظہار کرتے ہوئے پانچ لاکھ پچاس ہزار روپیہ منظور فرمایا اور ہدایت دی کہ اس رقم سے ٹین شیٹ خرید کر 18×12کے مکان کے چھت کے لئے بے گھر لوگوں کو ٹین شیٹ دیاجائے ،ناظم امارت شرعیہ محترم مولانامفتی محمد سعیدالرحمن قاسمی نے اس ریلیف ور ک کے لئے نائب ناظم امارت شرعیہ مفتی محمد سہراب ندوی قاسمی صاحب کی قیادت میں ایک وفد تشکیل دیا،یہ وفد ۱۹؍اکتوبر کو اورائی وخیرہو پہونچا،اس موقع پر وفد کے ارکان مولانا قمرانیس قاسمی صاحب معاون ناظم امارت شرعیہ ،مولانا فیاض احمد قاسمی قاضی شریعت مدھے پورہ،مولانا وحید اللہ قاسمی قاضی شریعت مدھیلی اور مولانا سعوداللہ رحمانی مبلغ امارت شرعیہ کے علاوہ تنظیم امارت شرعیہ ضلع مدھے پورہ کے صدر الحاج عبدالستار صاحب،تنظیم امارت شرعیہ بلاک پورینی کے صدر مولانا مرتضیٰ صاحب وسکریٹری تنظیم قاری امجد رحمانی صاحب ،مدرسہ فرقانیہ مدھیلی کے ناظم مولانا عبیداللہ قاسمی کی رہنمائی شامل رہی۔سروے رپورٹ کی روشنی میں دروازے دروازے اور گھر گھر جاکر ایک بار پھر ضرورت مندوں کی نشاندہی کی گئی اور پختہ فہرست کی روشنی میں پچاسی خاندان ایسے سامنے آئے جنہیں چھت کے سایہ کی شدید ضرورت ہے،ان میں مسلمانوں کے علاوہ غیر مسلم بھائیوں کی بھی ایک تعداد شامل تھی ،چونکہ امارت شرعیہ بلا تفریق مذہب و ملت ہر آفت و مصیبت کے موقع پر راحت رسانی اور حسب ضرورت بازآبادکاری کی خدمت انجام دیتی ہے اس لئے بازآبادکاری کے اس کام میں بھی اس پہلو کو ملحوظ رکھا گیا ؛چنانچہ 18X12کی چھت کے اعتبار سے ان پچاسی خاندان کے درمیان ٹین شیٹ تقسیم کی گئی ،اس موقع پر بھی مذکورہ ارکان وفد اور دیگر ذمہ داران ومقامی نمائندگان موجود رہے،تقسیم سے قبل لوگوں کے سامنے اس مصیبت پر اظہار دکھ کے ساتھ انہیں گناہوں سے توبہ کرنے ،مسجد کو آباد رکھنے اور اللہ کی طرف رجوع ہونے کی تلقین کی گئی،امارت شرعیہ کا تعارف کرایا گیا اور حضرت امیر شریعت وناظم امارت شرعیہ کی طرف سے صبر اور تسلی کے پیغامات پہونچائے گئے،واضح رہے کہ اتنی شدید مصیبت کے باوجود اب تک ان مصیبت زدگان کو نہ کوئی سرکاری مدد ملی ہے اور نہ کسی دوسری سماجی وملی تنظیم نے ان کی خیر پوچھی ہے،امارت شرعیہ کی اس مدد پر لوگوں نے حضرت امیر شریعت اور امارت شرعیہ کے لئے شکریہ اور دعاء کے کلمات کہے اور غیر معمولی راحت کا احساس ان کے چہروں پر نظر آیا۔

Comments are closed.