دربھنگہ میں ڈیوٹی سے غائب 8 خاتون سپاہیاں معطل، ایس ایس پی جگوناتھ ریڈی کا سخت ایکشن،تہواروں کے دوران غفلت برتنے پر ہوئی کارروائی، پولیس محکمے میں مچی ہلچل

 

جالے(محمد رفیع ساگر/بی این ایس) ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے پر 8 خاتون سپاہیوں کو فوری اثر سے معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ جگو ناتھ ریڈی جلا ریڈی کے حکم پر عمل میں لائی گئی ہے۔ معطل سپاہیوں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

 

ایس ایس پی دفتر سے موصول اطلاع کے مطابق دیوالی، کالی پوجا اور چھٹھ جیسے اہم تہواروں کے موقع پر ضلع کے مختلف تھانوں میں خاتون سپاہیوں کی خصوصی ڈیوٹی لگائی گئی تھی۔ دربھنگہ یونیورسٹی تھانہ علاقہ میں تعینات کنچن کماری، سوکرتی کماری، سنگیتا کماری، ببیتا کماری، جبکہ بہادرپور تھانہ کے تحت تعینات شویتا، کومل کماری، نیتی کماری اور ممتا کماری اپنی ڈیوٹی سے غائب پائی گئیں۔

 

تھانہ انچارج نے اچانک معائنہ کیا تو تمام آٹھوں سپاہی غیر حاضر پائی گئیں۔ معاملے کی اطلاع فوری طور پر ایس ایس پی کو دی گئی، جس کے بعد سبھی کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے معطلی کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

 

معطلی کی مدت میں خاتون سپاہیوں کو صرف جیون یاپن بھتہ دیا جائے گا۔ ایس ایس پی نے کہا کہ تہواروں کے دوران پولیس فورس میں نظم و ضبط برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی بھی طرح کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ چھٹھ یا کسی بھی موقع پر کوئی بھی پولیس افسر یا سپاہی اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر نہیں رہ سکتا۔

 

ایس ایس پی نے انتباہ دیا کہ آئندہ کوئی بھی پولیس اہلکار یا افسر اپنی ڈیوٹی میں غفلت برتے گا تو اس کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔ تہوار یا چھٹی کا بہانہ کسی بھی قیمت پر قابلِ قبول نہیں ہوگا۔

Comments are closed.