جمعیۃ علماء ہند سہارنپور کی مجلس عاملہ کی مٹینگ ،قاسم پورہ دیوبند میں منعقد
شرعی پنچایت کے نظام کو فعال کرنے کے ساتھ نشہ مخالف بیداری مہم کا آغاز کیاجائے گا : مولانا حسین احمد مدنی
دیوبند،25؍ اکتوبر(نامہ نگار)
جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور کی مجلس عاملہ کی ایک اہم مٹینگ جامعہ زینب للبنات قاسم پورہ دیوبند میں منعقد ہوئی ۔جس کی صدارت مولانا گلفام نے کی ۔مٹینگ کے دوران موعوئین خصوصی کے ناموں پر غور وخوض کیا گیا ۔بعداز اں اتفاق رائے سے دس مدعوئین خصوصی منتخب کئے گئے جو آئندہ تنظیم کے لئے مختلف شعبوں میں رہنمائی ،مشاورت اورعملی معاونت انجام دیں گے ۔ان خصوصی مدعوئین میں علماء کرام ،ائمہ مساجد ،مدرسین اورجمعیۃ کے فعال کارکنان کوشامل کیا گیا ہے ۔اس کے بعد مولانا حسین احمد مدنی نے جمعیۃ علماء ہند کے پانچ اہم شعبوں ،دینی تعلیمی بورڈ ،جمعیۃ یوتھ کلب ،جن وکاس سیوا ،اصلا ح معاشرہ اور شعبہ جم پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔انہوں نے اصلاح معاشرہ اور دینی تعلیمی بورڈ کے نظام کو بہتر اور مضبوط بنانے پر زور دیا ۔اس کے علاوہ چند اہم امور پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے طے کیا گیا ہے کہ اصلاح معاشرہ کی ضلع کمیٹی تشکیل دی جائے اور کمیٹی کے تحت جمعہ کے خطبات کے لئے مساجد کی نشاندہی کی جائے نیز ائمہ مساجدکے پتہ ونمبر حاصل کرکے وائس ایپ گروپ تشکیل دیا جائے ۔اس دوران وقف ڈیسک کھلوانے کے تعلق سے بھی غور وفکر کیا گیا ۔مولانا حسین احمد نے تجویز پیش کی نشہ مخالف مہم کے سلسلہ میں عوامی بیداری پروگرام منعقد کئے جائیں اور شرعی پنچایت کے فعال نظام کو نافذ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ دینی تعلیم بورڈکے تحت ضلع سہارنپور کے متعدد مقامات پر کم ازکم دس تعلیمی واصلاحی پروگرام منعقد کئے جانے کا نظام ترتیب دیا جائے ۔مٹینگ میں اعلان کیا گیا کہ جمعیۃ علماء سہارنپور کی آئندہ مٹینگ 20؍نومبر بروز جمعرات سرساوہ کی مرکزی مسجد میں بعد نماز ظہر منعقد کی جائے گی ۔مٹینگ کے آخر میں تمام شرکاء نے مولانا حسین احمد مدنی کو جمعیۃ علماء اترپردیش کاسکریٹری منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔دعاء کے ساتھ مٹینگ اختتام پذیر ہوئی ۔
Comments are closed.