ڈی ایم اور ایس ایس پی نے فور لین پر ڈراپ گیٹ کا معائنہ کیا، امن و قانون برقرار رکھنے اور غیر قانونی سرگرمیوں پر کارروائی کی ہدایت

 

جالے(محمد رفیع ساگر/بی این ایس)ضلع مجسٹریٹ کوشل کمار اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جگوناتھ ریڈی جلا ریڈی نے ہفتہ کے روز فور لین شاہراہ پر واقع بٹھولی ڈراپ گیٹ کا معائنہ کیا اور وہاں چل رہے چیکنگ مہم کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسمبلی عام انتخابات کے پیشِ نظر امن و قانون برقرار رکھنے اور مثالی ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

 

ڈی ایم اور ایس ایس پی نے تھانہ انچارج اروِند کمار کو ہدایت دی کہ فور لین شاہراہ پر چلنے والی گاڑیوں کی سخت جانچ کی جائے اور شراب بندی قانون کے تحت منشیات و غیر قانونی شراب کے خلاف کارروائی تیز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمرے کی نگرانی میں چلنے والی چیکنگ مہم کی ویڈیوگرافی مجسٹریٹ کی موجودگی میں کی جائے اور تمام کارروائی کو ریکارڈ پر رکھا جائے۔

 

افسران نے موقع پر موجود اہلکاروں سے فیڈ بیک حاصل کیا اور کہا کہ دربھنگہ۔مظفرپور قومی شاہراہ 27 کے داخلی مقام بٹھولی چوک پر آنے اور جانے والی تمام گاڑیوں خاص طور پر مختلف شہروں سے آنے والے چھوٹے و بڑے وہیکلس پر خصوصی نظر رکھی جائے۔ چونکہ یہ مقام کئی اضلاع کی سرحدی حدوں سے متصل ہے، اس لیے بٹھولی چوک پر قائم ڈراپ گیٹ کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔

 

ڈی ایم نے ہدایت دی کہ سمری تھانہ کی پولیس ڈراپ گیٹ پر روزانہ باقاعدہ چیکنگ مہم جاری رکھے، دو پہیہ اور چار پہیہ گاڑیوں کے ڈِکی کی جانچ لازمی کی جائے، اور مجسٹریٹ و پولیس افسران کو شفٹ وائز ڈیوٹی کے تحت ہر وقت چوکس رہنے کی تاکید کی۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ فور لین شاہراہ سے گزرنے والی تمام گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر کی انٹری رجسٹر میں لازمی درج کی جائے۔

معلوم ہو کہ سمری تھانہ کے فور لین پاتھ پر بٹھولی چوک، اتر بیل-وشن پور سڑک کے سڈھواڑہ چوک، سنگھواڑہ تھانہ کے نزدیک اور سنہپور پولیس پکٹ پر ڈراپ گیٹ قائم کیے گئے ہیں جہاں منشیات اور غیر قانونی شراب کے خلاف خصوصی مہم جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Comments are closed.