ڈاکٹر ایم رحمت اللہ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں پروفیسر (ٹی وی) کا عہدہ سنبھالا، نئی نسل کو سکھائیں گے جدید صحافت کے گر

 

آبائی گاوں ریونڈھا میں خوشی کا ماحول، صحافی ضیاء احمد سمیت سرکردہ شخصیات کی نیک خواہشات

 

جالے (محمد رفیع ساگر/بی این ایس) ملک کے ممتاز میڈیا تعلیمی ادارے اے جے کے ماس کمیونیکیشن ریسرچ سینٹر جامعہ ملیہ اسلامیہ (مرکزی جامعہ) میں سینئر صحافی ڈاکٹر ایم رحمت اللہ نے پروفیسر (ٹی وی) کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک فعال صحافت اور میڈیا مینجمنٹ میں خدمات انجام دینے کے بعد اب وہ طلبہ کو الیکٹرانک میڈیا، نیوز پرزنٹیشن اور جرنلزم کی باریکیاں سکھائیں گے۔

 

مقامی بلاک کی مردم خیز بستی ریونڈھا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر رحمت اللہ نے انگریزی اور ماس کمیونیکیشن میں پوسٹ گریجویشن کیا اور 2003 میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ سے وابستگی سے قبل وہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن (IIMC) اور دہلی یونیورسٹی کے دہلی اسکول آف جرنلزم میں وزیٹنگ فیکلٹی رہے ہیں۔

اپنے طویل پیشہ ورانہ سفر میں ڈاکٹر رحمت اللہ نے متعدد ممتاز میڈیا اداروں میں کلیدی عہدے سنبھالے۔ وہ دوردرشن نیوز میں کنسلٹنگ ایڈیٹر، چینل ون نیوز میں چینل ہیڈ، سہارا ٹی وی میں سینئر پروڈیوسر، اے این آئی نیوز ایجنسی میں بیورو چیف، ای ٹی وی حیدرآباد میں پرنسپل کرسپانڈنٹ، آکاشوانی میں اسسٹنٹ ایڈیٹر، امر اجالا میں سب ایڈیٹر، سندھیا پہری میں نامہ نگار اور قومی تنظیم میں چیف رپورٹر و فیچر ایڈیٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

 

ڈاکٹر رحمت اللہ نے صحافت کے میدان میں تحقیقی اور تخلیقی خدمات انجام دیتے ہوئے کئی کتابیں تصنیف کی ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر انہوں نے کویت، دبئی، عراق، آذربائیجان اور نیپال جیسے ممالک میں میڈیا و تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ ان کی اہلیہ بھی اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی (IGNOU) میں اگست 2024 سے پروفیسر کے عہدے پر فائز ہیں۔

 

ان کی تقرری پر آبائی گاوں ریونڈھا میں خوشی کا ماحول ہے اور ملک بھر سے مبارکبادی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ نیوز18 دہلی کے سینئر ایڈیٹر ڈاکٹر ضیاء احمد نے کہا کہ ڈاکٹر رحمت اللہ ٹی وی جرنلزم کے بدلتے رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی نسل کو جدید صحافت کی بہترین تربیت فراہم کریں گے۔

 

اسی طرح پروفیسر ڈاکٹر محمد عالمگیر، اسرو کے سائنسدان ڈاکٹر امتیاز احمد، پروفیسر مظہر عالم صدیقی، بریلینٹ پبلشر ڈاکٹر مشتاق احمد، انجینئر انتخاب عالم، فیض الرحمٰن نیازی، خالد جوہر، مغفور عالم، نہال احمد، حسین عالم، سیف الاسلام راجو، منتصر عالم، آفتاب عالم، مہدی حسن، ڈاکٹر عادل ،انجینئر توصیف عالم، فہد ریونڈھوی اور غلام حقانی نے بھی انہیں دلی مبارکباد پیش کیں ہیں۔

Comments are closed.