انتخابات کے لیے تیار شہر: بنگلورو کا نیا نقشہ، نئی سیاست اور مسلمانوں کی نئی امیدیں
از: عبدالحلیم منصور
"بنگلورو کی دھڑکن آج بھی زندہ ہے، لیکن مستقبل کے فیصلے اب صرف نقشوں کی لکیر یا وارڈوں کی تعداد سے نہیں بلکہ عوام کے شعور اور انتخاب سے ہوں گے۔”
انتخابات کے لیے تیار بنگلورو آج ایک نازک مگر فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔ برسوں سے جنوبی ہند کی ترقی، روزگار، تعلیم، اور ٹیکنالوجی کا مرکز سمجھے جانے والا یہ شہر اب ایک نئے سیاسی و انتظامی تجربے سے گزر رہا ہے۔ ریاستی حکومت نے ’’گریٹر بنگلورو‘‘ کے انتظام کو ازسرِنو تشکیل دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے پانچ الگ بلدیاتی اداروں میں تقسیم کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں شہر کی سیاسی زمین پر نئے بیج بوئے جا رہے ہیں — مقامی قیادت کے لیے نئے در وا ہو رہے ہیں، اور ووٹروں کے سامنے نئے سوال کھڑے ہو رہے ہیں۔
بنگلورو جو کبھی ایک واحد بلدیاتی حدود میں منقسم تھا، اب پانچ کارپوریشنوں میں بانٹا جا رہا ہے: بنگلورو سنٹرل، جنوبی، شمالی، مشرقی اور مغربی۔ سرکاری مسودے کے مطابق مجموعی طور پر 368 وارڈ قائم کیے جائیں گے۔ ان میں بنگلورو مغربی میں 111، شمالی میں 72، جنوبی میں 72، سنٹرل میں 63 اور مشرقی میں 50 وارڈ شامل ہیں۔ یہ تقسیم شہر کی آبادی، محلوں کے حجم اور عوامی سہولتوں کے تناسب سے کی جا رہی ہے تاکہ فیصلہ سازی عوام کے قریب ہو، فنڈز کی تقسیم شفاف بنے اور مسائل کے حل کی رفتار تیز ہو۔
یہ انتخابات دراصل بنگلورو کے بدلتے ہوئے سماجی اور سیاسی خدوخال کا عکس ہیں۔ شہر میں بڑھتی آبادی، بے ہنگم تعمیرات، ٹریفک کا بحران، پانی کی قلت اور بنیادی سہولتوں کی کمی نے شہریوں کے صبر کا امتحان لیا ہے۔ مگر ان سب مسائل کے درمیان اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے لیے یہ الیکشن ایک نئے سوال کے طور پر ابھر رہا ہے — کیا ان کی آواز ان اداروں میں سنی جائے گی جہاں فیصلے شہر کے مستقبل کا نقشہ کھینچتے ہیں؟
بنگلور کے جنوبی، مشرقی اور قدیم حصوں میں مسلم آبادی کا تناسب کئی وارڈوں میں فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے۔ مگر بدقسمتی سے پچھلے ادوار میں ان کی نمائندگی محض رسمی ثابت ہوئی۔ اقتدار کے ایوانوں تک پہنچنے والے مسلم نمائندے اکثر پارٹی پالیسیوں کے تابع رہے، جس کے نتیجے میں مسلم محلوں کی ترقیاتی ضروریات ثانوی حیثیت اختیار کر گئیں۔ اب جب کہ بلدی سیاست میں نئی صف بندی ہو رہی ہے، مسلمانوں میں یہ احساس بڑھ رہا ہے کہ اگر اپنی اجتماعی سیاسی حکمت عملی نہ اپنائی گئی تو ان کے مسائل پھر نعرے بن کر رہ جائیں گے۔
یہ بھی یاد رکھنا ضروری ہے کہ شہر کی ترقی صرف فلائی اوور، میٹرو یا اسمارٹ سٹی منصوبوں سے نہیں ناپی جا سکتی۔ ترقی وہ ہے جو ہر طبقہ محسوس کرے، ہر بستی میں روشنی پہنچے، ہر اسکول کے دروازے پر مساوی موقع کھڑا ہو۔ مسلمانوں سمیت تمام کمزور طبقات کے لیے یہی سوال سب سے اہم ہے — کہ کیا آنے والی بلدیہ واقعی عوامی ہوگی یا پھر سرمایہ داروں کے مفادات کی نگہبان؟
وارڈوں کی تعداد میں اضافہ جہاں انتظامی تقسیم کو متوازن بنائے گا، وہیں اس سے سیاسی طور پر ایک نئی صفِ دوم قیادت ابھرنے کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔ چھوٹے وارڈ، محدود ووٹروں اور مختصر محلوں کے باعث نوجوان، خواتین، اقلیتی اور کم وسائل رکھنے والے امیدواروں کے لیے راستے کھل سکتے ہیں۔ بنگلورو کے سیاسی منظرنامے میں یہ تبدیلی ان طبقات کے لیے موقع کی کھڑکی بن سکتی ہے جنہیں طویل عرصے سے نمائندگی کے مواقع سے محروم رکھا گیا۔
یہ نیا نظام محض جغرافیائی تقسیم نہیں بلکہ ایک سیاسی پیغام بھی ہے — کہ اب مقامی سطح پر فیصلے وہی لوگ کریں جن کی زندگی ان فیصلوں سے براہِ راست جڑی ہے۔ تاہم ماہرین شہریات کا کہنا ہے کہ اگر فنڈز، عملہ اور اختیارات ان نئے اداروں کو مکمل طور پر منتقل نہ کیے گئے تو یہ اصلاح محض نام کی تبدیلی ثابت ہوگی۔ شہری تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وارڈ کمیٹیوں کو اختیارات دیے جائیں، عوامی مشورے کو لازم قرار دیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت قائم رکھی جائے۔
بنگلورو کی مسلم آبادی اس نئے انتظامی نقشے میں خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ تاریخی محلّے جیسے شیواجی نگر، فریزر ٹاؤن، جال ہلّی، چامراج پیٹ اور چک پیٹ مسلم آبادی کے مضبوط مراکز ہیں۔ ان علاقوں کی نمائندگی اور ترقی ہمیشہ سے شہری سیاست کا ایک نازک پہلو رہی ہے۔ اگر نئی حد بندی میں ان علاقوں کی وارڈ تقسیم غیر متوازن ہوئی تو مسلمانوں کی سیاسی و سماجی طاقت متاثر ہو سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ مسلم تنظیمیں، علماء، اور باشعور شہری اس عمل پر گہری نظر رکھیں، اپنے نمائندوں کے انتخاب میں بصیرت دکھائیں اور بلدیاتی سطح پر اجتماعی موقف اختیار کریں۔
یہ امر بھی قابلِ غور ہے کہ نئے وارڈز میں ریزرویشن کی پالیسی آئندہ سیاست کی سمت متعین کرے گی۔ خواتین کے لیے پچاس فیصد نشستوں، اور پسماندہ طبقات کے لیے مخصوص کوٹہ کی تجویز زیرِ غور ہے۔ اگر اس عمل میں انصاف اور شفافیت برقرار رہی تو شہری سیاست میں ایک مثبت توازن قائم ہو سکتا ہے۔ بصورتِ دیگر، مخصوص جماعتوں اور طبقاتی مفادات کی بنیاد پر نمائندگی کا نظام مزید بگڑنے کا اندیشہ ہے۔
اس وقت بنگلورو کے عوام پانی کی قلت، کچرے کے ڈھیر، ٹریفک جام، اور بنیادی سہولتوں کے فقدان سے پریشان ہیں۔ شہریوں کی توقع یہ ہے کہ جب اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں گے تو مسائل کا حل بھی مقامی طور پر تیز اور مؤثر ہوگا۔ لیکن یہ اسی وقت ممکن ہے جب منتخب نمائندے عوام سے قریب ہوں، کارکردگی کی بنیاد پر جواب دہ ہوں، اور اپنی سیاست کو خدمت کے جذبے سے جوڑیں۔
یہ نیا ڈھانچہ جہاں امید کا ایک چراغ ہے، وہیں ایک آزمائش بھی۔ اگر یہ تبدیلی عوامی مشاورت، مساوی نمائندگی، اور شفاف نظام کے ساتھ نافذ ہوئی تو بنگلورو کے شہری جمہوریت کی ایک نئی صبح دیکھ سکتے ہیں۔ مگر اگر یہ محض طاقت کے نئے مراکز بنانے کا حربہ ثابت ہوا تو شہر کے مسائل مزید گہرے ہو جائیں گے۔ آج کے بنگلورو میں ہر وارڈ ایک سوال ہے — کیا یہ سوال عوام کے حق میں جواب بنے گا یا پھر سیاست کی گنتی میں گم ہو جائے گا؟
haleemmansoor@gmail.com
Comments are closed.