​مدرسہ عارفیہ سنگرام کے بانی اور بجلی محکمہ کے ریٹائرڈ الحاج ماسٹر عیسی کا انتقال، ماسٹر محمد قاسم نے جنازہ کی نماز پڑھائی

 

مدھوبنی(پریس ریلیز) لال داس اسکول، کھروا کے فاؤنڈر ٹیچر و مدرسہ عارفیہ سنگرام کے فاؤنڈر اور بجلی محکمۂ بہار کے ریٹائرڈ اعلیٰ افسر الحاج ماسٹر محمد عیسیٰ صاحب23 اکتوبر 2025 کو 80 برس کے بعد علی الصبح انتقال فرما گئے۔ موصوف اپنی دینداری، سادگی، ایمانداری اور خدمتِ خلق کے باعث علاقہ میں نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔

 

مرحوم کی پیدائش گوٹ محلہ، سنگرام، مدھوبنی میں ہوئی۔ ابتدائی تعلیم بھگوان داس پہدی بیلا، دربھنگہ سے حاصل کی اوراقتصادیات (Economics)میں گریجویشن بہار یونیورسٹی سے کیا۔ دورانِ تعلیم ان کے استاذِ محترم حکیم عبدالمنان صاحب نے ان کی قابلیت کو دیکھتے ہوئے ہمیشہ ان سے قوم و ملت کی خدمت کی امید رکھی۔

 

تعلیم کی تکمیل کے بعد آپ کو بجلی محکمہ بہار میں خدمات انجام دینے کا موقع ملا، جہاں آپ نے مختلف اضلاع میں انتہائی ایمان داری، فرض شناسی اور خوش اخلاقی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیے، اور اسی محکمے سے سبکدوش ہوئے۔

 

دینی خدمات میں بھی آپ ہمیشہ پیش پیش رہے۔ اپنے گاؤں میں مدرسہ عارفیہ کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کیا اور اپنی ذاتی اراضی سمیت مقامی تعاون سے ادارے کی بنیاد رکھی۔

 

آپ کی شادی رابعہ خاتون سے ہوئی جو ان کی ہی طرح شریف النفس اور نیک خاتون تھیں، اللہ نے آپ کو سات اولادوں کی نعمت سے نوازا جن میں چار بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں۔

 

مرحوم کی شخصیت میں سخاوت، محنت، کفایت شعاری، نماز و تقویٰ نمایاں تھا۔ بزرگوں سے خاص عقیدت رکھتے تھے اور حضر الحاج ماسٹر قاسم صاحب کے ذریعے حضرت مولانا شاہ سراج امروہوی سمیت اکابر علما سے روحانی تعلق رہا۔ گھر پر علما کی آمد و خدمت ان کے لئے باعثِ سعادت تھی۔

 

مرحوم کی نمازِ جنازہ علاقے کے بزرگ ہستی الحاج حضرت ماسٹر قاسم صاحب نے پڑھایا۔ نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں علما، سرکاری افسران، برادری کے معززین اور عوام نے شرکت کی۔ دعاء ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام عطا کرے۔ آمین!

Comments are closed.