وزیر جیویش کمار پر موبائل چھیننے کا معاملہ! یوٹیوبر کے بھائی کے پاس سے ہی موبائل برآمد،پولیس نے کیا انکشاف

 

جالے(محمد رفیع ساگر/بی این ایس)

سنگھواڑہ تھانہ پولیس نے اس معاملے کا پردہ فاش کر دیا ہے جس میں مقامی یوٹیوبر دلیپ دیواکر نے ایک ماہ قبل ریاستی وزیرِ بلدیاتی و رہائشی امور جیویش کمار پر موبائل فون چھیننے اور مارپیٹ کا الزام عائد کیا تھا۔ پولیس تحقیقات کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ مذکورہ موبائل دراصل یوٹیوبر کے ہی بھائی کے پاس سے برآمد ہوا ہے۔

 

ڈی ایس پی شبھیندر سمن نے بتایا کہ تکنیکی جانچ کے دوران ہفتہ کی شب موبائل کی لوکیشن بھرواڑہ بازار میں پائی گئی۔ مزید تفتیش کے دوران یوٹیوبر دلیپ کو طلب کر پوچھ گچھ کی گئی تو پتہ چلا کہ موبائل اس کے گھر پر اس کا بھائی استعمال کر رہا ہے۔ بعد ازاں پولیس نے رامپٹّی گاؤں میں چھاپہ مار کر یوٹیوبر کے بھائی پرنس کمار کے قبضے سے موبائل برآمد کر لیا۔

 

تھانہ انچارج بسنّت کمار نے بتایا کہ اس سلسلے میں یوٹیوبر دلیپ سہنی کو پہلے ہی نوٹس بھیجی گئی تھی۔ قابلِ ذکر ہے کہ کیس میں دو موبائل چھیننے کا الزام لگایا گیا تھا، جن میں سے ایک موبائل کی تفصیلات پولیس کو یوٹیوبر نے فراہم کی تھیں جب کہ دوسرے موبائل میں کوئی سم کارڈ نہیں تھا۔ سی ڈی آر رپورٹ میں موبائل کا ٹاور لوکیشن دلیپ کے ہی گاؤں رامپٹّی میں پایا گیا۔

Comments are closed.