بہارانتخابات 2025: حیا گھاٹ سے بی جے پی کے ایم ایل اے رام چندر پرساد کولوگوں نے گاؤں میں داخل ہونے سےروکا،مردہ بادکے نعرے لگائے
دربھنگہ: بہار اسمبلی انتخابات سے قبل دربھنگہ ضلع کی حیا گھاٹ اسمبلی سیٹ سے موجودہ ایم ایل اے اور بی جے پی کے امیدوار رام چندر پرساد کو اس بار عوام کی سخت مخالفت کا سامنا ہے۔ عوامی رابطہ کے دوران ان کے خلاف احتجاج اور نعرے بازی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جس سے علاقے میں کشیدہ ماحول کو دیکھا جا سکتا ہے۔ اتوار کو جب ایم ایل اے رام چندر پرساد پگھاری پنچایت کے کمال پور گاؤں پہنچے تو گاؤں والوں نے ان کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ لوگوں نے رام چندر پرساد مردہ باد، رام چندر چور ہے اور گو بیک رام چندر جیسے نعرے لگائے۔ گاؤں والوں نے صاف کہہ دیا کہ ’’ہمیں این ڈی اے سے بیرنہیں،رام چندرتمہاری خیرنہیں‘‘۔
عینی شاہدین کے مطابق حالات اتنے کشیدہ ہو گئے کہ ایم ایل اے کو بالآخر گاؤں سے بھاگنا پڑا۔ اپنے سکیورٹی اہلکاروں اور کچھ گاؤں والوں کی مدد سے انہیں بمشکل محفوظ مقام پر پہنچایا گیا جس کے بعد وہ موٹر سائیکل پرسوارہوکر وہاںسے بھاگ نکلے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ایم ایل اے کو اس طرح کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ وہ اس سے قبل کئی گاؤں میں عوامی غصے کا سامنا کر چکے ہیں، جن میں سوساری، ہرہچہ، چکلا اور اٹہر شامل ہیں۔
گاؤں والوں کا الزام ہے کہ ایم ایل اے رام چندر پرساد کے پانچ سالہ دور میں علاقے میں کوئی خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں ہوا ہے۔ بنیادی سہولیات جیسے کہ سڑکیں، گٹر، بجلی، پانی، صحت اور روزگار اسی حالت میں ہیں۔ ایک دیہاتی نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل اے صرف بی جے پی کے نام پر جیتتا ہے، لیکن جیتنے کے بعد انہیں عوام کی کوئی پرواہ نہیں ہے اور انہیں اپنے حلقے کا دورہ کرنے کی بھی فرصت نہیں ہے۔
عوام صاف کہہ رہے ہیں کہ اس بار پارٹی کے نہیں ترقی کے نام پر ووٹ مانگے جائیں گے۔ گاؤں والوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ بی جے پی قیادت رام چندر پرساد کی جگہ نیا امیدوار لائے، ورنہ پارٹی کو بڑے پیمانے پر مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس واقعہ نے حیا گھاٹ میں سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے اور احتجاج کی ویڈیوز انتخابی بحث کا موضوع بن گئی ہیں۔
Comments are closed.