اپنے ووٹ کو بکھرنے سے بچائیں : ملی تنظیموں کی جانب سے بہار کے مسلمان ووٹرس سے اہم اپیل

 

اپیل برائے بہار اسمبلی انتخاب 2025

محترم حضرات وخواتين!

آپ کے علم میں ہے کہ بہار اسمبلی انتخاب 2025 کی تاریخوں کا اعلان ہو چکا ہے ۔جمہوری ملک میں ووٹ ایک طاقت ہے ،ایک امانت ہے ، ایک آواز ہے ، ووٹ ایک باوقار اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت ہے، ووٹ اپنے حقوق کی حفاظت کا ایک اہم ترین ذریعہ ہے؛ لہذا امارت شرعیہ اور صوبہ بہار کی تمام ملی تنظیمیں مشترکہ طور پر یہ اپیل کرتی ہیں کہ تمام سیکولر بالخصوص کمزور طبقات و اقلیت کے ووٹر متحد ہو کر سیکولر نظریات کے امید وار کو کامیاب بنائیں اور اس سلسلے میں درج ذیل مشوروں کو سامنے رکھیں ۔

 

اپنا ووٹ ضرور دیں، کوئی بھی ووٹر پیچھے نہ رہے، صد فیصد ووٹنگ کو یقینی بنائیں، کیونکہ ووٹ ایک طاقت ہے اور ہمارا آئینی حق ہے۔

 

خواتین ووٹ ضرور دیں، اپنے گھریلو کاموں کو ترتیب دے کر پردہ کے ساتھ ووٹ ڈالنے جائیں، اور دوسری بہنوں اور بیٹیوں کو بھی ووٹ دینے کے لیے آمادہ کریں؛ کیونکہ ووٹ دینا آپ کی حفاظت، ترقی، خاندان کی سلامتی اور سماج میں امن و سکون کے قیام کو یقینی بنائے گا، ان شاء الله ۔

 

آج ہی اپنا پولنگ بوتھ اور ووٹر لسٹ میں اپنا نام بی ایل او یا الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے چیک کریں، بی ایل او سے پرچہ حاصل کریں، اور ووٹ کے دن کے لیے اپنا ووٹر آئی ڈی یا متبادل دستاویز تیار رکھیں تاکہ آپ ووٹ سے محروم نہ ہوں۔

 

سماجی کارکنان، سوشل ايکٹیوسٹ، اساتذہ، صحافی اور دانشور حضرات آگے آئیں۔ بلا تفریق مسلک، ذات اور مذہب عوام میں بیداری پیدا کریں، ہر شہری کو ووٹ دینے پر آمادہ کریں، اور اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کریں۔ الیکشن کے موضوعات پر مضامین اور تجزیے لکھیں، تاکہ عوام میں شعور، اتحاد اور جمہوری ذمہ داری کا احساس مضبوط ہو۔

 

ووٹ متحد ہو کر دیں، اور اُن سیکولر امیدواروں کو کامیاب بنائیں جو آئین، جمہوریت، اور سب کے مساوی حقوق پر یقین رکھتے ہیں۔ اپنا ووٹ کسی بھی صورت میں تقسیم نہ ہونے دیں۔

 

ووٹ تقسیم کرنے والے امیدوار کو ووٹ نہ دیں، چاہے وہ آپ کے قریبی رشتہ دار ہی کیوں نہ ہوں۔ دور کی سوچیں — اتحاد اور اجتماعیت کے ساتھ ووٹ متحد ہو کر دیں، اور اپنا قیمتی ووٹ صحیح جگہ استعمال کریں۔

اپیل کنندگان

مولانا احمد ولی فیصل رحمانی

امیر شریعت بہار،اڈیشہ ،جھارکھنڈ ومغربی بنگال

مولانا رضوان احمد اصلاحی

امیر جماعت اسلامی حلقہ بہار

مولانا محمد خورشید احمد مدنی

نائب امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث بہار

 

مولانا سید امانت حسین

جنرل سکریٹری مجلس علماء خطباء امامیہ اہل تشع

مولانا محمد عباس قاسمی/ڈاکٹر فیض احمد قادری /ڈاکٹر انوارالہدی

جمعیۃ علماء بہار (الف)

مولانا ڈاکٹر ابو الکلام قاسمی شمسی

نائب صدر آل انڈیا مومن کانفرنس

ڈاکٹر فرید امان اللہ

جوائنٹ سکریٹری ادارہ شرعیہ بہار

مولانا محمد ناظم قاسمی

جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء بہار (میم)

Comments are closed.