چھٹھ گھاٹ پر ڈوب جانے سے سورج کمار کی موت ،دوسرے دن لاش ندی سے برآمد
جالے(محمد رفیع ساگر)سمری تھانہ کے تحت ادھواڑہ گروپ کی کھیروئی ندی چھٹھ گھاٹ پر پیر کی دوپہر ڈوب کر لاپتہ ہونے والے 11 سالہ سورج کمار کی لاش منگل کی شام برآمد کر لی گئی۔ سورج کمار شو بھن گاؤں کے رہائشی شروَن کمار ساہ کا بیٹا تھا۔
معلومات کے مطابق سورج اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ چھٹھ پوجا کے موقع پر گھاٹ گیا تھا جہاں نہاتے وقت وہ اچانک گہرے پانی میں پھسل کر ندی کی تیز دھار میں بہہ گیا۔ اطلاع ملتے ہی ایس ڈی آر ایف کی ٹیم غوطہ خوروں کے ساتھ موقع پر پہنچی اور مسلسل تلاش کے بعد منگل کی شام لاش کو پانی سے نکالا گیا۔
تاخیر سے ٹیم کی آمد پر مشتعل مقامی افراد نے شو بھن بائی پاس سڑک کو بانس بلے سے جام کر کے انتظامیہ کے خلاف زوردار احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے گہرے پانی والے حصوں کو نشان زد کرنے اور بیریکیڈنگ کا کوئی انتظام نہیں کیا جس کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس مقام پر اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے حادثات ہو چکے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے اب تک کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔
Comments are closed.