مرکز علم و دانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
اے ایم یو کے جے این میڈیکل کالج میں“کوڈ بلو”ایمرجنسی ریسپانس سسٹم کا افتتاح
علی گڑھ، 28 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال نے اپنے ایمرجنسی ہیلتھ کیئر نظام کو مزید مضبوط بناتے ہوئے ٹراما سینٹر میں“کوڈ بلو”ایمرجنسی ریسپانس سسٹم کا آغاز کیا ہے۔
اس سہولت کا افتتاح یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر حبیب رضا کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر سینئر فیکلٹی اراکین اور اسپتال کے عملے کے اراکین موجود تھے۔
“کوڈ بلو”پروٹوکول ایک تیز رفتار نظام ہے جسے دل یا سانس بند ہونے جیسی سنگین ہنگامی صورتِ حال میں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس نظام کے فعال ہوتے ہی ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل عملے پر مشتمل ایک تربیت یافتہ ریسیسیٹیشن ٹیم، ڈیفبریلیٹرز، آکسیجن سسٹمز، اور ایمرجنسی ادویات وغیرہ کے ساتھ فوراً مریض کے پاس پہنچتی ہے تاکہ کارڈیو پلمونری ریسیسیٹیشن (سی آر پی) اور دیگر فوری طبی اقدامات انجام دیے جاسکیں۔
اس موقع پر پروفیسر محمد محسن خان نے کہا کہ کوڈ بلو نظام کے آغاز سے انتہائی نازک مریضوں کو بروقت اور مؤثر ایمرجنسی طبی سہولت حاصل ہو سکے گی۔ انہوں نے صحت عامہ کے معیار کو بلند کرنے سے متعلق یونیورسٹی انتظامیہ کے عزم کو دہرایا اور مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیا۔ پروفیسر حبیب رضانے کہا کہ یہ نیا نظام سنگین حالات میں رابطے، ہم آہنگی اور ردِ عمل کی رفتار کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی مریض کا دل یا سانس رک جائے تو ہر لمحہ قیمتی ہوتا ہے، اس سلسلہ میں ہماری ٹیموں کو فوری رد عمل کے لیے تربیت دی گئی ہے۔
ڈاکٹر شہنا علی اور ان کی ٹیم نے ’کوڈ بلو‘ کی ایکٹیویشن کے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروٹوکول کا عملی مظاہرہ کیا، تاکہ تمام عملہ اس نظام سے بخوبی واقف ہو جائے۔ اس کے علاوہ، ایک ایمپلیفائر پر مبنی اعلاناتی نظام بھی نصب کیا گیا ہے، جس کے ذریعے کیژولٹی میڈیکل آفیسر اور ہیلپ ڈیسک کے درمیان بروقت رابطہ ممکن ہو سکے گا، اس طرح ردِ عمل کے وقت میں کمی اور کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
عملے کی مہارت برقرار رکھنے کے لیے باقاعدہ مشقیں اور تربیتی نشستیں منعقد کی جائیں گی۔ یہ اقدام مریضوں کی سلامتی، ایمرجنسی تیاری اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے تئیں اے ایم یو کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ افتتاحی تقریب میں پروفیسر امجد علی رضوی، پروفیسر ایم وسیم علی، پروفیسر محمد شمیم، پروفیسر حماد عثمانی، پروفیسر خواجہ ظفر سیف اللہ، پروفیسر فضل الرحمٰن، ڈاکٹر ایم ثاقب، ڈاکٹر نریش شرما، ڈاکٹر سجاد، اور دیگر سینئر فیکلٹی اراکین و عملہ کے اراکین موجود تھے۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
پروفیسر سنجیو کمار ورما، اے ایم یو کورٹ کے رکن مقرر
علی گڑھ، 28 اکتوبر: ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ آرتھوڈونٹکس، ڈینٹوفیشیئل آرتھوپیڈکس اور ڈینٹل ایناٹمی کے چیئرمین پروفیسر سنجیو کمار ورما کو سربراہان شعبہ کی سینیارٹی کی بنیاد پر یونیورسٹی کورٹ کا ممبر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی مدت کار تین سال یا چیئرمین کے عہدے پر فائز رہنے تک کے لئے ہوگی۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو المنائی ایسوسی ایشن قطر کی جانب سے سر سید ڈے اور علی گڑھ تحریک کے 150 سال مکمل ہونے پر شاندار تقریب کا اہتمام
علی گڑھ، 28 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی الومنئی ایسوسی ایشن، قطر نے سر سید ڈے 2025اور علی گڑھ تحریک کے 150 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے دوحہ کے سٹی سینٹر روٹانا میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیاجس میں نامور شخصیات، فارغ التحصیل طلبہ و طالبات اور اے ایم یو برادری کے اراکین نے شرکت کی اور سر سید احمد خاں کی تعلیمی خدمات اور وژن کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر رکن پارلیمنٹ محترمہ اقرأ حسن چودھری مہمانِ خصوصی تھیں، جبکہ قطر میں ہندوستان کے سفیر جناب شری وپُل نے تقریب کی صدارت کی۔ دونوں مہمانوں نے سر سید احمد خان کی تعلیمی و اصلاحی تحریک کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ہندوستان و قطر کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اے ایم یو فارغین کے کردار کو سراہا۔
ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ندیم جیلانی نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں اے ایم یو کے سابق طلبہ سے سر سید کے مشن کا حقیقی وارث بنے رہنے کی اپیل کی۔ چیئرمین جناب جاوید احمد نے’ایک ٹیم، ایک خواب‘ کے نعرے کے ساتھ اتحاد پر زور دیا، جبکہ جناب امتیاز انور صدیقی نے تعلیم کی توسیع میں ٹکنالوجی کے کردار پر روشنی ڈالی اور اے ایم یو کے ساتھ مستقبل میں تعاون کے امکانات پر اظہارِ خیال کیا۔
تقریب کی خاص بات 20 جلدوں پر مشتمل سر سید احمد خاں کے مجموعہ تصانیف کی رونمائی تھی، جسے ڈاکٹر عطا خورشید نے مرتب کیاہے اور سینئر علیگ جناب عاطف حنیف نے شائع کیا ہے۔ جناب عاطف حنیف نے اپنی نئی تصنیف بھی پیش کی جس میں نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰؐ پر عالمی شخصیات کے تاثرات شامل ہیں۔ جناب عاطف حنیف کو علیگیرین آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنی پہلے سووینیئر”ابرِ علیگڑھ“ کا اجراء کیا گیا، جس میں تنظیم کی سرگرمیوں کی روداد شامل ہے۔ اس کے چیف ایڈیٹر جناب ممنون احمد بنگش نے اس کے مشمولات پر گفتگو کی۔ مہمان اعزازی جناب فیروز خان کی ہدایت میں اے ایم یو ترانہ پر مبنی نئی ویڈیو پیشکش کا بھی اجراء عمل میں آیا۔
دیگر معزز مہمانوں میں پروفیسر انور رضوی، ڈاکٹر عطا خورشید، جناب امتیاز انور صدیقی، جناب عاطف حنیف، جناب وسیم چودھری، جناب فیروز خان، جناب نیلانشو ڈے، جناب کے ایس پرساد، محترمہ انو شرما، محترمہ الار منگائی اور جناب ندیم اسرار شامل تھے۔
اس موقع پر پانچ زمروں میں سالانہ ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔ محترمہ انو شرما کومیڈیا پرسنالٹی ایوارڈ، جناب عاطف حنیف کو علیگیرین آف دی ایئر ایوارڈ، پروفیسر انور رضوی کو تعلیم کے میدان میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ،، جناب شرف پی حمید کو سماجی خدمت کے میدان میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، اور محترمہ غزالہ یاسمین اور ڈاکٹر ندیم جیلانی کو مشترکہ طور پربیسٹ پیرنٹنگ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔
تقریب میں کاہوت کوئز کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں مس عنایہ زیب فاتح رہیں، جبکہ عبداللہ معز صہیب اور تنویر احمد رنر اپ قرار پائے۔ پروگرام کا اختتام قطر اور ہندوستان کے قومی ترانوں، اے ایم یو ترانہ اور محفل سخن کے ساتھ ہوا۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر اشنا نصرت اور ڈاکٹر نعیم امان نے انجام دئے، جبکہ ایسوسی ایشن کے نائب صدر جناب فیصل نسیم نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔ تقریب کے کامیاب انعقاد میں خواتین ونگ کے کردار کو سراہا گیا۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے تین انجینئرنگ طلبہ کا انتخاب
علی گڑھ، 28 اکتوبر: ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بی ٹیک2026 بیچ کے تین طلبہ کو احمد نگر (مہاراشٹر) کی معروف کمپنی ایم ایس میڈیا انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ نے کیمپس پلیسمنٹ مہم کے توسط سے ملازمت کے لئے منتخب کیا ہے۔ منتخب ہونے والے طلبہ میں محمد مدثر علی اور سوربھ شرما (بی ٹیک، مکینیکل) اور عدنان سعید (بی ٹیک الیکٹریکل) شامل ہیں۔
انجینئرنگ کالج کی ٹریننگ و پلیسمنٹ انچارج ڈاکٹر معینہ اطہر نے منتخب طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور ان کی محنت و لگن کو سراہا۔ انہوں نے فیکلٹی اراکین اور پلیسمنٹ ٹیم کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا جن کی مدد سے یہ بھرتی عمل کامیابی سے مکمل ہوا۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
آئی ایم سی ایس گروپ کی جانب سے اے ایم یو کے طلبہ کے لیے اسکالرشپ کا اعلان
علی گڑھ، 28 اکتوبر: انفارمیشن مینجمنٹ کنسلٹنگ سروسز (آئی ایم سی ایس) گروپ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئرکے اشتراک سے آئی ایم سی ایس اسکالرشپ پروگرام 2025 کے تحت چار ہونہار طلبہ کو اسکالرشپ سے نوازا ہے۔
ہر منتخب طالب علم کو ایک سال کے لیے ماہانہ 2500روپے اسکالرشپ دی جائے گی، جو مجموعی طور پر سالانہ تیس ہزار روپے پر مشتمل ہوگی۔
ڈی ایس ڈبلیو دفتر میں منعقدہ تقریب میں ڈی ایس ڈبلیو پروفیسر رفیع الدین، پروفیسر شمشاد حسین، ڈاکٹر شمس تبریز، ڈاکٹر اسد علی اور ڈاکٹر محمد ارسلان نے آئی ایم سی ایس گروپ کے نمائندوں کی موجودگی میں منتخب طلبہ کو اسناد پیش کیں۔
آئی ایم سی ایس گروپ کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر جناب ذکی اللہ اور ان کی ٹیم نے نوجوان صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کے جذبے کو سراہا اور تعلیم کے فروغ کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
پروفیسر رفیع الدین نے آئی ایم سی ایس گروپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے تعاون اور طلبہ کی بہبود کے تئیں ان کے جذبہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی علمی و ذاتی کامیابیوں کے لیے مسلسل محنت جاری رکھیں۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو جیوگرافیکل سوسائٹی نے سر سید ہفتہ کے تحت مختلف تقاریب کا اہتمام کیا
علی گڑھ، 28 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ جغرافیہ کے زیرِ اہتمام اے ایم یو جیوگرافیکل سوسائٹی نے ”اِنکڈ ہیریٹیج“کے عنوان سے سرسید ہفتہ کی تقریبات کا اہتمام کیا جن میں شعبہ جغرافیہ کے طلبہ و طالبات نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ ان سرگرمیوں میں ”کینوسِ سر سید“ کے عنوان سے پوسٹر سازی مقابلہ، تحریرگاہ کے عنوان سے مضمون نویسی مقابلہ، ایک توسیعی خطبہ بعنوان ”جدید ہندوستان میں سر سید احمد خان کی علی گڑھ تحریک کی معنویت“، اور سر سید ہاؤس کا دورہ شامل تھے۔
”کینوسِ سر سید“میں 23 طلبہ نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے سر سید اور علیگڑھ تحریک سے متعلق موضوعات پر فن پارے پیش کیے، جبکہ مضمون نویسی مقابلے میں 27 طلبہ نے سر سید احمد خاں کے وژن اور خدمات پر اپنے خیالات قلم بند کیے۔
شعبہ سیاسیات کے پروفیسر سید محمدمحب الحق نے توسیعی خطبہ پیش کیا، جس میں انہوں نے علی گڑھ تحریک کی تاریخی اہمیت اور اس کی عصری معنویت پر بصیرت افروز گفتگو کی۔ یہ اجلاس ڈاکٹر احمد مجتبیٰ صدیقی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ انھوں نے استقبالیہ خطبہ بھی پیش کیا۔
سیریز کا اختتام تاریخی سر سید ہاؤس کے دورے پر ہوا، جس میں 56 طلبہ نے شرکت کی۔ سرسید ہاؤس میں طلبہ نے سر سید احمد خاں سے منسوب نوادرات اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے قیام کی تاریخ سے متعلق نوادرات کا مشاہدہ کیا اور اس طرح وہ ادارے کی علمی و ثقافتی میراث سے واقف ہوئے۔
یہ تمام تقریبات ڈاکٹر شہاب فضل (چیئرمین، شعبہ جغرافیہ اور صدر، اے ایم یو جیوگرافیکل سوسائٹی) کی قیادت میں، اور ڈاکٹر احمد مجتبیٰ صدیقی اور ڈاکٹر صالحہ جمال کی رہنمائی میں منعقد ہوئیں۔ اس موقع پر فیکلٹی اور عملے کے اراکین اور سوسائٹی کے عہدیداران میگھا بگھیل (نائب صدر)، جینس جیسیکا ڈوئل (اعزازی سکریٹری)، عرفات کے چودھری اور علینہ شہزاد (جوائنٹ سکریٹری) اور ایکزیکیٹیو ممبران عاتکہ صدیقی، حرا ادریس، آمنہ صدیقی، بشریٰ نسرین، محمد انس اور محفوظ لطیف دیو نے فعال کردار ادا کیا۔
Comments are closed.