لاپتہ راج مستری راجو مہتو کی لاش تالاب سے برآمد، علاقے میں سنسنی
جالے(محمد رفیع ساگر)
سنگھواڑہ تھانہ علاقے کے بھرواڑہ نگر پنچایت کے پنپیہی پوکھر میں بدھ کی صبح ایک نوجوان کی لاش تیرتی ہوئی ملنے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ متوفی کی شناخت بھرواڑہ وارڈ نمبر پانچ کے باشندہ آنجہانی شنکر مہتو کے بیٹے راجو مہتو (28 سال) کے طور پر ہوئی ہے جو پیشے سے راج مستری تھا اور اپنے خاندان کا واحد کفیل بتایا جاتا ہے۔
اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔ سنگھواڑہ تھانہ پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایم سی ایچ بھیج دیا ہے۔ راجو مہتو کی بیوی خوشبو دیوی اپنے ڈیڑھ سالہ بیٹے ہری ینش کمار کو گود میں لیے غم سے نڈھال دیکھی گئی۔ اہل خانہ کے مطابق راجو منگل کی شام تقریباً 4 بجے سے لاپتہ تھا۔
بدھ کی صبح گاؤں کے چند افراد جب تالاب کے قریب گئے تو انہوں نے لاش کو پانی میں تیرتا دیکھا۔ جوان بیٹے کی موت کی خبر سنتے ہی ماں رام پری دیوی، بیوی خوشبو دیوی اور دیگر اہل خانہ بین کرنے لگے۔ چھٹھ پوجا کے اگلے ہی دن پیش آئے اس واقعے سے پورے گاؤں میں ماتم کی فضا چھا گئی۔
چیف کاؤنسلر سنیل کمار، صرافہ یونین کے چیئرمین شنبھو ٹھاکر اور دیگر سماجی افراد نے غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ تھانہ انچارج بسنّت کمار کے مطابق معاملے کی تفتیش جاری ہے اور قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
Comments are closed.