مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ پلاسٹک سرجری میں ورلڈ ٹراما ڈے منایا گیا
علی گڑھ، 29 اکتوبر: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ پلاسٹک سرجری نے ورلڈ ٹراما ڈے منایا، جس میں ٹراما مینجمنٹ اور ری کانسٹرکٹیو سرجری میں ہونے والی جدید پیش رفت پر معلوماتی نشست منعقد کی گئی۔
شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر ایم ایف خرم نے اپنے کلیدی خطاب میں زخموں کے علاج، انفیکشن کنٹرول اور بحالی کے حالیہ رجحانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ٹراما کے بہتر نتائج کے لیے بروقت مداخلت اور مختلف شعبوں کے درمیان قریبی اشتراک عمل نہایت ضروری ہے۔
پروفیسر عمران احمد نے ایمرجنسی معاملات میں ٹیم ورک اور فوری فیصلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جبکہ ڈاکٹر سرفراز نے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ بالخصوص سڑک حادثات کے باعث ٹراما سے متعلق چوٹوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے عوامی بیداری اور ٹریفک قوانین کے سخت نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر فہد انصاری اور ڈاکٹر آکانشا نے ٹراما کیئر، ری جینیریٹو میڈیسن اور زخموں کے علاج کی ٹکنالوجیز میں ہونے والی جدتوں پر گفتگو کی، اور مریض پر مرکوز اور سائنسی بنیادوں پر علاج کے فروغ کے لیے شعبہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ ٹراما کیئر کے ابھرتے ہوئے رجحانات پر اساتذہ اور ریزیڈنٹس نے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اسپتال کے احاطے میں شجرکاری مہم بھی منعقد کی گئی۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے ویمنس کالج کی جانب سے تین روزہ پائتھن ورکشاپ کا انعقاد
علی گڑھ، 29 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ویمنس کالج کے اولمپیا اکیڈمیا چیپٹر نے گیم آف کوڈزکے عنوان پر شعبہ طبیعیات میں تین روزہ پائتھن پروگرامنگ ورکشاپ منعقد کی۔ یہ پروگرام امریکن فزیکل سوسائٹی کے ویمن اِن فزکس گرانٹ کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طالبات کو پائتھن اور اس کے سائنسی استعمال کی تربیت دینا تھا۔
شعبہ طبیعیات کے چیئرمین پروفیسر محمد سجاد اطہر نے اپنے افتتاحی خطاب میں فزکس کی تعلیم میں کوڈنگ کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا، جب کہ مہمان اعزازی ڈاکٹر حیدر حسن جعفری نے جدید تحقیق میں کمپیوٹیشنل فزکس کے بڑھتے کردار پر روشنی ڈالی۔
چنار کوانٹم اے آئی کے جناب زہیب خاکی اور ڈاکٹر محسن الہی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی)، کوانٹم سسٹمز اور کمپیوٹیشنل ایجوکیشن پر ورچوئل لیکچر دیا، جس میں انھوں نے انٹرڈسپلینری تحقیق کے نئے رجحانات پر گفتگو کی۔ ریسرچ اسکالر عبدالقدیر کی نظامت میں منعقدہ تکنیکی سیشن میں پائتھن پروگرامنگ کے بنیادی پہلوؤں، ڈاٹا ہینڈلنگ، وِژولائزیشن اور سائنسی کمپیوٹنگ وغیرہ کا احاطہ کیا گیا۔ شرکاء نے کوڈنگ ایکسرسائزز اور منی پروجیکٹس کے ذریعے عملی مسائل کے حل کی مہارت بھی حاصل کی۔ ورکشاپ کا اختتام وے گراؤنڈ آن لائن پلیٹ فارم پر کوڈنگ کوئزکے ساتھ ہوا، جس کے فاتحین کو اسمارٹ واچ، ہیڈفون اور بیک پیک پیش کئے گئے۔ ورکشاپ میں 110 شرکاء نے حصہ لیا۔
گیم آف کوڈزکی کامیابی میں اولمپیا اکیڈمیا کور ٹیم بشمول شاد عظمی (بانی) اور محمد نجیب (شریک بانی) سمیت فرح ناز (صدر)، عفیفہ جمال (نائب صدر)، عائشہ عابد (سیکریٹری)، اور طوبیٰ فردوس (جوائنٹ کوآرڈینیٹر و خازن) نے نمایاں کردار ادا کیا۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے سینٹر فار پروفیشنل کورسز مذاکرہ کا اہتمام
علی گڑھ، 29 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سینٹر فار پروفیشنل کورسز (سی پی سی) میں ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر (جنرل)جناب سعد حمید کے ساتھ ایک مذاکرہ کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد پی جی ڈی بی ایم، آئی بی کے طلبہ میں کریئر ڈیولپمنٹ، ملازمت کے حصول کی مہارتوں اور مسابقتی کاروباری ماحول میں دستیاب مواقع کے بارے میں آگہی بڑھانا تھا۔
اس موقع پر ڈاکٹر زہیب احمد، ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر، سی پی سی، اور جناب فہیم اختر، فیکلٹی ممبر، سی پی سی بھی موجود تھے، جنہوں نے تدریسی نصاب کو صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر اپنے خیالات پیش کیے۔
طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے جناب سعد حمید نے پیشہ ورانہ ترقی کے لیے مسلسل ہنر فروغ، پروفیشنل نیٹ ورکنگ اور حالات سے تطبیق کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ادارے کی فراہم کردہ سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور آئندہ ہونے والی پلیسمنٹ سرگرمیوں میں پابندی سے حصہ لیں۔ پوسٹ گریجویٹ طلبہ نے ملازمت کی تیاری، انٹرویو تکنیک اور کریئر پلاننگ سے متعلق مفید گفتگو میں بھرپور حصہ لیا اور پروگرام سے استفادہ کیا۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی میں آئی ای ای ای ہفتہ منایا گیا
علی گڑھ، 29 اکتوبر: ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں آئی ای ای ای اسٹوڈنٹ برانچ اور آئی ای ای ای ویمن اِن انجینئرنگ افینیٹی گروپ کے اشتراک سے آئی ای ای ای ہفتہ نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ طلبہ نے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
یہ تقاریب کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد مزمل کی سرپرستی میں اور ڈاکٹر صفیہ اختر کاظمی (فیکلٹی ایڈوائزر)، ڈاکٹر ایم سعد بن عارف (برانچ کاؤنسلر) اور ڈاکٹر قرۃالعین (آؤٹ ریچ کوآرڈینیٹر) کی رہنمائی میں منعقد ہوئیں۔
مسٹر محمد زید، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ نے افتتاحی سیشن میں آئی ای ای ای میں شمولیت کے فوائد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آئی ای ای ای کی رکنیت کے فوائد اور پیشہ ورانہ و تکنیکی ترقی کے مواقع پر تفصیل سے گفتگو کی۔
ٹکنالوجی، ثقافت اور معلومات عامہ پر ایک بین شعبہ جاتی کوئز کا اہتمام کیا گیا، جب کہ مسٹر عدیل سرور نے شرکاء کو می ٹ لیب اور سیمولنک پر عملی تربیت فراہم کی۔ انجینئرنگ کے طلبہ کے لئے انٹرویو تکنیک پرڈاکٹر کشور ظفر (اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ انگریزی) نے ایک خصوصی سیشن منعقد کیا، جس میں انہوں نے طلبہ کو مؤثر ابلاغ، اعتماد، اور پیشہ ورانہ آداب کی اہمیت سے واقف کرایا۔
آئی ای ای ای ہفتہ کے دوران چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شارق عقیل کی قیادت میں ہیریٹیج واک کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں شرکاء کو یونیورسٹی کے تاریخی مقامات سے متعارف کرایا گیا۔ اس کے بعد ایک ٹیکنیکل کوئز آئی ای ای ای انکویسٹ کے عنوان سے منعقد کی گئی۔
آخر میں گیم جیم 2025 کے عنوان سے 72 گھنٹے پر مشتمل گیم ڈیولپمنٹ میراتھن کا اہتمام کیا گیا، جس میں ڈیزائنرز اور پروگرامرز کی ٹیموں نے جدید گیم آئیڈیاز پیش کیے۔
پروگراموں کے انعقاد میں آئی ای ای ای کی طلبہ ٹیم بشمول صائم شمشاد اور سدرہ سہیل (بی ٹیک، سال آخر) نے کلیدی کردار ادا کیا۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
ڈاکٹر سید محمد اصغر کے انتقال پر تعزیتی جلسہ کا اہتمام
علی گڑھ، 29 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شیعہ دینیات شعبہ کی جانب سے دینیات فیکلٹی کے مرکزی ہال میں ایک تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں ڈاکٹر سید محمد اصغر کے ناگہانی انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔
جلسہ کی صدارت کرتے ہوئے شعبہ شیعہ دینیات کے سربراہ ڈاکٹر مولانا اصغر اعجاز قائمی نے مرحوم کی علمی خدمات، دینی تعلیم کے فروغ میں ان کے کردار اور طلبہ کی تربیت و رہنمائی کے سلسلہ میں ان کی غیر معمولی محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ڈین فیکلٹی آف تھیالوجی پروفیسر محمد حبیب اللہ، پراکٹر پروفیسر وسیم علی، اور متعدد سینئر اساتذہ بشمول پروفیسر سعود عالم قاسمی، پروفیسر پرویز قمر رضوی، پروفیسر سید طیّب رضا نقوی، پروفیسر علی ندیم رضاوی، پروفیسر محمد راشد، پروفیسر نواز علی زیدی، پروفیسر محمد رضوان خان، ڈاکٹر رضا عباس، ڈاکٹر ریحان اختر، اور ڈاکٹر علی کاظم سمیت دیگر اساتذہ و طلبہ اس موقع پر موجود تھے۔
مقررین نے ڈاکٹر سید محمد اصغر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی علمی بصیرت، اخلاقی کردار، اور علمِ کلام کے فروغ میں ان کی خدمات کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کا انتقال ایک عظیم سانحہ ہے۔ ڈاکٹر سید محمد اصغر اپنی مثالی تدریس، انکساری اور اخلاقِ حسنہ کے باعث ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، اور ان کی خدمات آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ بنی رہیں گی۔
ٌئئئئئئئئ٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو گرلز اسکول میں جلسہئ سیرت النبیؐ کا اہتمام
علی گڑھ، 29 اکتوبر: اے ایم یو گرلز اسکول میں پرنسپل محترمہ آمنہ ملک کی سرپرستی اور محترمہ عرشی ظفر خان و محترمہ زیبا نواز کی نگرانی میں سیرت النبیؐ کے موضوع پر ایک روح پرور تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر اے ایم یو رجسٹرارپروفیسر عاصم ظفر کی اہلیہ بطور خاص موجود تھیں۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طالبات نے نعتیہ کلام پیش کیے۔ مقررین نے حضور اکرمؐ کی سیرتِ طیبہ، تعلیمات، اور امن،امانت داری، شفقت اور سچائی جیسی عالمگیر قدروں پر روشنی ڈالی۔
میلاد کمیٹی کی انچارج محترمہ عرشی ظفر خان نے خطاب کرتے ہوئے سیرت النبیؐ کی اہمیت بیان کی اور حاضرین کو تلقین کی کہ وہ حضور اکرمؐ کی تعلیمات کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں شامل کریں۔
پرنسپل محترمہ آمنہ ملک نے پروگرام کے منتظمین اور شرکاء کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو چاہئے کہ وہ نبی کریمؐ کی سیرت سے رہنمائی حاصل کریں اور معاشرے میں اتحاد، محبت اور ہم آہنگی کے پیغام کو عام کریں۔ آخر میں کلمات تشکر ادا کئے گئے اور دعا کی گئی۔
Comments are closed.