ڈاکٹر مشکور عثمانی 6 سال کے لیے کانگریس سے برطرف، جالے سے کانگریس کے امیدوار رشی مشرا کو ٹکٹ دیئے جانے کے بعد بطور آزاد امیدوار انتخاب لڑنے پر ہوئی کارروائی

 

جالے (محمد رفیع ساگر) جالے اسمبلی حلقہ سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑنے والے کانگریس رہنما ڈاکٹر مشکور عثمانی کو پارٹی مخالف سرگرمیوں کے الزام میں 6 سال کے لیے کانگریس سے خارج کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بہار پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر سکریٹری نلن کمار نے برطرفی کا باضابطہ حکم نامہ جاری کیا ہے۔

 

اس خط کی نقل آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، بہار کانگریس کے انچارج کرشنا اللابرو اور پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر راجیش کمار کو بھی بھیجی گئی ہے۔

 

یاد رہے کہ گزشتہ اسمبلی انتخاب میں ڈاکٹر مشکور عثمانی جالے اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے امیدوار تھے اور انہوں نے اس وقت کے ایم ایل اے و وزیر جیویش کمار کے خلاف سخت مقابلہ کیا تھا۔ پارٹی کے جاری کردہ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ عثمانی نے پارٹی کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اترنے کا قدم اٹھایا، جس کے سبب ان کے خلاف یہ تادیبی کارروائی ناگزیر قرار دی گئی۔یہاں سے پارٹی نے رشی مشرا کو امیدوار بنایا ہے۔

Comments are closed.