جالے کی فضاء بدلی، عوام کا رجحان عظیم اتحاد کے حق میں : ڈاکٹر نادیہ رحمان
تیجسوی کے منشور نے نوجوانوں کے دل جیت لیے، رشی مشرا کی پوزیشن مضبوط
جالے(محمد رفیع ساگر)
بہار کی سیاست میں ایک نیا جوش، ایک نیا جذبہ پیدا ہو رہا ہے اور اسی جوش کو بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر نادیہ رحمان دخترِ سید حسیب حبیب الرحمٰن (سابق وزیر حکومتِ بہار) نے کہا ہے کہ جالے اسمبلی حلقہ میں عظیم اتحاد کے امیدوار رشی مشرا کی جیت اب محض امکان نہیں بلکہ یقینی حقیقت بن چکی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے جالے کے گاؤں گاؤں، کوچہ کوچہ گھوم کر دیکھا ہے ۔عوام کے چہروں پر امید کی روشنی اور تبدیلی کا یقین صاف نظر آتا ہے۔ مسلم طبقہ ہو یا دلت، پسماندہ طبقہ ہو یا کسان، سب ایک آواز میں کہہ رہے ہیں کہ اس بار انصاف، ترقی اور بھائی چارے کی جیت ہوگی۔
ڈاکٹر نادیہ رحمان نے کہا کہ تیجسوی یادو کے انتخابی منشور نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ تیجسوی نے روزگار، تعلیم، صحت، خواتین کے احترام اور بزرگوں کی فلاح کے جو وعدے کیے ہیں، وہ بہار کے مستقبل کی نئی راہ دکھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں نے برسوں سے عوام کو بانٹنے کا کام کیا مگر اب بہار کے عوام جاگ چکے ہیں۔ اب سیاست نفرت سے نہیں، خدمت سے چلے گی۔ اب ووٹ ذات پر نہیں، کام پر ملے گا۔
ڈاکٹر نادیہ رحمان نے آخر میں عوام سے پُرزور اپیل کی کہ وہ عظیم اتحاد کے امیدوار رشی مشرا کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ بہار میں انصاف، ہم آہنگی اور ترقی کی راہ مزید مضبوط ہو۔
انہوں نے کہا کہ جالے کی سرزمین ہمیشہ سیکولرزم کی پہچان رہی ہے اور اس بار یہ پیغام پورے بہار کو دینے جا رہی ہے کہ نفرت ہارے گی اور محبت جیتے گی۔
Comments are closed.