صد فیصد رائے دہی سے جمہوریت ہوگی مضبوط: کوشل کمار
ضلع مجسٹریٹ نے ووٹر بیداری مہم میں لگیں جیویکا دیدیوں سے کہا گھر گھر جاکر دیں ووٹ ڈالنے کی ترغیب
جالے ( محمد رفیع ساگر)
جمہوریت کے مہاپرو میں زیادہ سے زیادہ عوامی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ضلع انتظامیہ نے ووٹر بیداری مہم کو تیز کر دیا ہے۔ ہفتہ کے روز ضلع الیکشن افسر و ضلع مجسٹریٹ کوشل کمار نے بلاک دفتر کے سدبھاؤنا بھون میں جیوِکا سوِیپ دوتوں (بیداری رضاکاروں) کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ کی۔ اس موقع پر ڈی ایم نے کہا کہ انتخاب کے لیے صرف 5 دن باقی ہیں، ایسے میں جیوِکا دیدیوں کی ذمہ داری سب سے زیادہ ہے کہ وہ گھر گھر جا کر لوگوں کو ووٹ ڈالنے کے لیے بیدار کریں اور سو فیصد رائے دہی کو یقینی بنائیں۔
ڈی ایم کوشل کمار نے کہا کہ جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے ہر شہری کا ووٹ دینا ضروری ہے۔ جیوِکا دیدیاں خواتین بااختیاری کی ایک کامیاب مثال بن چکی ہیں اور اب سماجی بہبود کے ہر میدان میں اپنی فعال شمولیت سے ایک مضبوط پیغام دے رہی ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جو مزدور یا شہری بیرونِ ضلع سے واپس آئے ہیں، ان کے اہلِ خانہ کو خاص طور پر ووٹ ڈالنے کے لیے بیدار کیا جائے تاکہ کوئی بھی ووٹر پیچھے نہ رہ جائے۔
اس موقع پر جیوِکا کی ضلعی منصوبہ جاتی افسر ڈاکٹر رِچا گارگی نے کہا کہ جیوِکا دیدیاں رائے دہندگان میں بیداری لانے کے لیے رنگولی، مہندی، عہد برداری (شپتھ)، ریلی، کینڈل مارچ اور دیگر سرگرمیوں کو مہم کی شکل میں انجام دے رہی ہیں۔ خواتین اور نوجوانوں کو ووٹ کے حق اور اس کی اہمیت سے روشناس کرانے کے لیے یہ سرگرمیاں بڑے پیمانے پر کی جا رہی ہیں۔
اجلاس میں ایچ آر برجیش کمار، مالیاتی مینیجر آشیش کمار، منیجر برائے روزگار منورما کماری اور پروجیکٹ مینیجر امیت کمار چودھری نے بھی اپنے خیالات پیش کیے اور ووٹ بیداری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مکمل تعاون دینے کا یقین دلایا۔
Comments are closed.