بہار اب دہلی سے نہیں چلے گا ،بنے کی مہاگٹھ بندھن کی سرکار : عمران پرتاپ گڑھی
کانگریس رہنما کا کمہرولی کھیل میدان میں رشی مشرا کی انتخابی جلسے سے خطاب،
جالے/ محمد رفیع ساگر
کانگریس کے راجیہ سبھا رکن اور معروف شاعر عمران پرتاپ گڑھی نے کہا ہے کہ بہار اب دہلی سے نہیں بلکہ خود بہار سے چلے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آنے والے وقت میں تیجسوی یادو کی قیادت میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے والی ہے۔ وہ پیر کے روز جالے اسمبلی حلقہ کے کمہرولی کھیل میدان میں کانگریس امیدوار رشی مشرا کے حق میں انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ بہار کے عوام این ڈی اے کے جھوٹے وعدوں سے تنگ آ چکے ہیں اور اس بار پورا صوبہ تبدیلی کے موڈ میں ہے۔ ان کے مطابق اب کوئی باہر والا نہیں بلکہ بہار کا اپنا بیٹا اور بیٹی ہی بہار چلائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ بہار کے کئی اضلاع میں گئے ہیں، جہاں ہر طرف ایک ہی نعرہ سنائی دیتا ہے۔اب کی بار تیجسوی سرکار۔
عمران پرتاپ گڑھی نے این ڈی اے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ پٹنہ روڈ شو میں وزیر اعلیٰ کی غیر موجودگی ظاہر کرتی ہے کہ دونوں کے درمیان اختلافات بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے جالے کے موجودہ رکن اسمبلی جیویش مشرا کو چالاک اور عوام کو گمراہ کرنے والا سیاست دان قرار دیا اور کہا کہ وہ محض وعدوں اور باتوں کے بل پر سیاست کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امیت شاہ بہار میں صنعت لگانے کے معاملے پر زمین کی کمی کا بہانہ بناتے ہیں، لیکن اپنے ایک قریبی شخص کو بھاگلپور میں ایک ہزار ایکڑ زمین محض ایک روپے کے عوض دے دی گئی۔ عمران پرتاپ گڑھی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ چوکیدار سویا ہوا ہے اور چائے بیچنے والے ملک بیچ رہے ہیں۔ خطاب کے دوران انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے بھی مخالفین پر حملہ کیا اور راہل گاندھی کو محبت کا دکاندار قرار دیا۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تبدیلی کے لیے تیار رہیں کیونکہ اب وقت آ گیا ہے کہ بہار میں حقیقی روزگار اور عزت کے مواقع پیدا ہوں۔ ان کے بقول 14 نومبر کو این ڈی اے جا رہی ہے اور مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے والی ہے۔ آخر میں عمران پرتاپ گڑھی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس امیدوار رشی مشرا کو بھاری اکثریت سے کامیاب کر کے بہار میں مہاگٹھ بندھن کی مضبوط حکومت کے قیام میں اپنا حصہ ڈالیں۔
Comments are closed.