آل انڈیا ملی کونسل کی بہار کے ووٹرزسے اہم اپیل، ایماندار، باکردار اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار امیدوار کو ووٹ دیں
آل انڈیا ملی کونسل کی بہار کے ووٹرزسے اہم اپیل، ایماندار، باکردار اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار امیدوار کو ووٹ دیں
پھلواری شریف:3 ؍نومبر 2025(پریس ریلیز)
بہار میں اسمبلی انتخابات قریب آ گئے ہیں، سیاسی سرگرمیوں میں نہایت تیزی آگئی ہے اورپہلے مرحلے کا انتخاب 6؍نومبراوردوسرے مرحلہ کا انتخاب 11؍نومبر کو ہونا ہے ، اسی تناظر میں آل انڈیا ملی کونسل بہار کی ایک اہم میٹنگ کونسل کے کارگزار صدر حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب کی صدارت میں کونسل کے ریاستی دفتر پھلواری شریف پٹنہ میں منعقد ہو ئی، جس میں ریاستی صدر مولانا ڈاکٹر محمد عالم قاسمی اور سکریٹری برائے عصری تعلیم مرکزی ملی کونسل جناب نجم الحسن نجمی ، مولانا محمد عادل فریدی ، مولانا نجم الہدیٰ قاسمی، مولانا فیضان احمد قاسمی، مولانا رضاء اللہ قاسمی وغیرہ شریک ہوئے ۔
اس موقع سے ملی کونسل کے رہنماؤں نےریاست کے تمام ووٹرز اور باشعور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ووٹ کو صرف ایک سیاسی عمل نہ سمجھیں ،بلکہ ایک اخلاقی و قومی ذمہ داری کے طور پر استعمال کریں۔ملی کونسل کے رہنماؤں نے اپنے بیان میں کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی رائے دہی کو محض کسی خاص پارٹی، برادری یا ذات کی بنیاد پر استعمال نہ کریں، بلکہ ایسے امیدواروں کو ترجیح دیں جو صاف ستھرے کردار، دیانتداری، مثبت سوچ، اور عوامی خدمت کے جذبے کے حامل ہوں۔ آج ملک کو نعروں یا وعدوں کی نہیں، بلکہ کردار، اصول پسندی اور عملی قیادت کی ضرورت ہے،اس لیے ایسے امیدواروں کو ووٹ دیں جوعوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل سمجھتے ہوں،تعلیم، صحت، سڑک، نالہ، روزگار اور انصاف جیسے مسائل پر سنجیدگی سے کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہوں،فرقہ واریت، نفرت اور سیاست برائے مفاد سے دور ہوں۔آل انڈیا ملی کونسل نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ووٹ قوم کی تقدیر بدلنے کا سب سے طاقتور ذریعہ ہے اورووٹ ایک امانت ہے، اسے کسی دباؤ، خوف یا وقتی لالچ کے تحت استعمال نہ کریں۔ یہ وہ موقع ہے جب ہم اپنے علاقے، اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے درست فیصلہ کر سکتے ہیں۔ملی کونسل نے کہا کہ بہار کے ووٹرز ہمیشہ جمہوریت کے وفادار اور امن پسند شہری رہے ہیں۔ اب وقت ہے کہ ہم اس روایت کو مزید مضبوط کریں اور ایسی قیادت کو آگے لائیں جو ریاست کی ترقی، عدل و انصاف اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو اپنا مشن بنائے اورملک کے آئین وجمہوریت کی بقاکو مستحکم کرے، اگر بہار کے ووٹرز نے اپنے ووٹ کو صحیح سمت میں استعمال کیا تو بہار ترقی، تعلیم، روزگار اور سماجی انصاف کے میدان میں نئی مثال قائم کر سکتا ہے۔
Comments are closed.