این ڈی اے کی ریلی میں پون سنگھ اور شاہنواز حسین کا عوامی جنون، جیت کے نعرے سے گونجا میدان
جالے (محمد رفیع ساگر) جالے کے برہمپور واقع بجرنگی چوک پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) امیدوار جیویش کمار کی حمایت میں این ڈی اے کی ایک شاندار انتخابی ریلی منعقد ہوئی جس میں سابق مرکزی وزیر شاہنواز حسین اور معروف بھوجپوری اسٹار پون سنگھ نے شرکت کر کے ماحول کو جوش و خروش سے بھر دیا۔
پون سنگھ کو دیکھنے اور سننے کے لیے لوگوں کا ہجوم امڈ آیا۔ اپنے ولولہ انگیز خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی "ڈبل انجن” حکومت بہار کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جا رہی ہے۔ آج بہاری ہونے پر ہر شخص کو فخر ہے، دنیا کے کسی بھی کونے میں جائیں تو ’جے جے بہار‘ کی صدا بلند کرتے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بہار کی ترقی، عزت اور وقار کے سفر کو جاری رکھنے کے لیے ایک بار پھر این ڈی اے حکومت کو موقع دیں اور جالے سے بی جے پی امیدوار جیویش کمار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔
شاہنواز حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ نریندر مودی اور نتیش کمار "سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس” کے نظریے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک و صوبے میں ترقی کے ثمرات سب تک یکساں پہنچ رہے ہیں، بغیر کسی تفریق کے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بہار کی ترقی کے رتھ کو آگے بڑھاتے رہیں اور انتخاب میں این ڈی اے کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔
اجلاس کی صدارت راگھویندر پرساد نے کی جبکہ نظامت وجے کمار چودھری نے انجام دی۔
Comments are closed.