نوکری کے بہانے 11 لاکھ کی ٹھگی کے بعد لڑکی کا قتل، 5 افراد نامزد
جالے (محمد رفیع ساگر) مقامی نگرپریشد جالے کے وارڈ نمبر 12 میں ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم نرنجن کمار مہتا کے گھر سے یکم نومبر کی صبح ایک نوجوان لڑکی کی برآمد لاش کے معاملے میں 5 افراد کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔متوفیہ کی شناخت مورو تھانہ علاقے کے رام پور گاؤں کے رہائشی سنتوش کمار جھا کی بیٹی رم جھم کماری کے طور پر کی گئی تھی جو ایم بی بی ایس کی طالبہ تھی۔
اس ضمن میں رم جھم کے نانا، اوماشَنکر ٹھاکر (ساکن کولہنٹا، مورو) نے اس معاملے میں جالے تھانہ میں تحریری شکایت دی ہے جس کی بنیاد پر پولیس نے پانچ افراد کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ ملزمان میں نرنجن کمار مہتا، دھیریندر کمار، اجے کمار دھیر، بھارتی کماری اور سمن کماری شامل ہیں۔
درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ نرنجن کمار مہتا کے بیٹے اجے کمار دھیر نے رم جھم کماری کو نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر اس سے 11 لاکھ روپے ہتھیا لیے۔ بعد میں جب نوکری نہیں ملی تو رقم واپس کرنے کے بجائے اجے کمار نے رم جھم کو اپنے گھر جالے بلا کر اپنے اہل خانہ کے ساتھ مل کر اس کا قتل کر دیا۔
الزام ہے کہ قتل کے بعد جرم کو چھپانے اور واقعہ کو خودکشی کا رنگ دینے کے لیے رم جھم کے گلے میں پھندا ڈال کر اسے لٹکا دیا گیا تاکہ واقعہ خودکشی معلوم ہو۔
پولیس نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔
Comments are closed.