مسلمانوں کے روشن مستقبل و روزگار کے لیے جے ڈی یو کو مضبوط بنانا وقت کی ضرورت : نظیر احمد انصاری
جے ڈی یو امیدواروں کی کامیابی کے لئے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں
جالے:(محمد رفیع ساگر/بی این ایس)
جے ڈی یو اقلیتی سیل کے صوبائی نائب صدر و صوبائی سیاسی صلاح کار کمیٹی کے رکن، پارٹی کے سینئر لیڈر نظیر احمد انصاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں بہار نے ترقی، امن، تعلیم اور بھائی چارے کے نئے دور میں قدم رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے کی ووٹنگ میں عوام بالخصوص اقلیتی برادری پہلے مرحلے سے زیادہ جوش و خروش کے ساتھ ووٹ ڈال کر جے ڈی یو کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں تاکہ ترقی و خوشحالی کی رفتار مزید تیز ہو۔
نظیر انصاری نے کہا کہ نتیش کمار ایک وژنری، ایماندار اور دوراندیش رہنما ہیں جنہوں نے بہار کو بدعنوانی، جرائم اور پسماندگی سے نکال کر ترقی کے راستے پر گامزن کیا۔ گاؤں ہو یا شہر، ہر علاقے میں سڑک، بجلی، تعلیم اور صحت کے میدان میں جو انقلاب آیا ہے وہ نتیش کمار کی قیادت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ہمیشہ سبھی طبقوں کے مفاد کو ترجیح دی مگر اقلیتوں کے لیے ان کی حساسیت اور عملی اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔ مدرسوں کی جدید کاری، اقلیتی طلبہ کے لیے اسکالرشپ اسکیم، روزگار سے جوڑنے کے پروگرام، اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی مضبوطی وغیرہ یہ سب ثبوت ہیں کہ نتیش حکومت نے مسلمانوں کے مستقبل کو روشن کرنے کا عزم کیا ہے۔
نظیر احمد انصاری نے کہا کہ مسلمانوں کو اب سوچ سمجھ کر فیصلہ لینا ہوگا۔ یہ انتخاب صرف اقتدار کا نہیں بلکہ ریاست کے امن، بھائی چارے اور ترقی کے تسلسل کا فیصلہ ہے۔ نتیش کمار نے کبھی مذہب کی بنیاد پر سیاست نہیں کی، بلکہ سب کو ساتھ لے کر چلنے کا کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخالف پارٹیاں صرف ووٹ کے وقت مسلمانوں کی بات کرتی ہیں مگر نتیش کمار نے اپنے کاموں سے ثابت کیا کہ وہ سب کے وزیر اعلیٰ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج بہار میں امن و بھائی چارے کی فضا قائم ہے۔
آخر میں مسٹر نظیر انصاری نے کہا کہ میں دل کی گہرائیوں سے تمام برادریوں، خاص طور پر مسلمانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ دوسرے مرحلے میں گھروں سے نکلیں، جے ڈی یو کے امیدواروں کو ووٹ دیں اور نتیش کمار کے ہاتھ مضبوط کریں۔ کیونکہ بہار کی ترقی، نوجوانوں کا روزگار، اور امن و استحکام صرف جے ڈی یو کی مضبوط قیادت سے ممکن ہے۔
Comments are closed.