ووٹ عوامی امانت ہے، اسے دانشمندی سے استعمال کریں:حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی
پٹنہ،10 نومبر(پریس ریلیز)
مفکر ملت حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی قومی کارگزار صدر آل انڈیا ملی کونسل اور امیر شریعت بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈنے بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے موقع پر عوام اور خاص طور پر مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اسے اپنی قومی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھیں۔ووٹ محض ایک سیاسی حق نہیں؛ بلکہ ایک مقدس عوامی امانت ہے؛ اس لیے ہمیں ایسے امیدواروں کو منتخب کرنا چاہیے جو باکردار، ایماندار اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ "وہ 11 نومبر کو ہونے والی ووٹنگ میں ضرور حصہ لیں، کسی خوف یا لالچ کے بغیر اپنے ضمیر کی آواز پر ووٹ دیں۔ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم پرامن طریقے سے جمہوری عمل کو مکمل کریں۔دریں اثنا آل انڈیا ملی کونسل بہارکے صدر مولانا ڈاکٹر عالم قاسمی نے بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے قبل ایک اہم اپیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی روح عوام کے فعال کردار میں پنہاں ہے اور ووٹ محض ایک سیاسی حق نہیں؛ بلکہ ایک مقدس امانت ہے، جسے دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنا ہر شہری کا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ووٹرس کی بڑھتی ہوئی شرکت نے جمہوری نظام کے اعتماد کو مضبوط کیا ہے اور اب دوسرے مرحلے کے لیے 11 نومبر کو ہونے والی رائے دہندگی میں عوام کو اپنا کردار اور بھی فعال بنانا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ووٹ کا صحیح استعمال صرف اس صورت میں ممکن ہے جب عوام ایسے امیدواروں کو منتخب کریں، جو باکردار، اصول پسند، ایماندار اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوں، جن کا مقصد صالح حکمرانی، انصاف، مساوات اور عوامی مسائل کے حل کے علاوہ تعلیم، صحت، روزگار، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا ہو۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فرقہ واریت، نفرت اور مفاد پرستی کی سیاست نے ماضی میں معاشرے کو بہت نقصان پہنچایا ہے؛ لہٰذا اب وقت آگیا ہے کہ عوام اصول پر مبنی قیادت کو منتخب کریں اور حکمت و دانش مندی کے ساتھ اپنے فیصلے کریں۔ مولانا قاسمی نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ کسی خوف یا لالچ کے بغیر اپنے ووٹ کا استعمال کریں، گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالیں، اپنی اس امانت کو دیانت داری سے ادا کریں اور انتخابی عمل میں حصہ لے کر جمہوریت کو مزید مضبوط بنائیں۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر بہار کے عوام نے اپنے ووٹ کا دانشمندی سے استعمال کیا تو نہ صرف ریاست ترقی، تعلیم، روزگار اور سماجی انصاف کے میدانوں میں نئی تاریخ رقم کرے گی؛ بلکہ اس کے مثبت اثرات پورے ملک پر مرتب ہوں گے۔ آخر میں انہوں نے ریاست کے تمام باشندوں سے امن و امان برقرار رکھنے اور قانون کی پاسداری کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ غصہ اور اشتعال سے پرہیز کرتے ہوئے پرامن اور مثبت ماحول میں انتخابی عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
Comments are closed.