جناب انور علی خان ایک ملی درد رکھنے والے صالح نوجوان تھے: حضرت امیر شریعت

 

 

پھلواری شریف (پریس ریلیز)ضلع دربھنگہ کے مشہور قصبہ جمال پور کی ممتاز ملی شخصیت جناب انور علی خان بن حافظ محمد اصغر علی خان مختصر علالت کے بعد 5؍ نومبر2025 کو دل کا شدید دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے انا للہ وانا الیہ راجعون، مرحوم کی عمر 55 سال کے قریب رہی ہوگی ،مرحوم ملت کے بڑے ہمدرد تھے ،فلاحی اور سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کھل کر حصہ لیتے تھے،سماجی تنازعات کے حل میں ید طولیٰ رکھتے تھے،اور بڑی بے باکی و حق گوئی کے ساتھ مظلوموں کو انصاف دلاتے تھے، ان کا امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ سے بڑا گہرا و عقیدت مندانہ تعلق تھا ،اِدھر چند مہینوں میں متعدد بارامارت شرعیہ تشریف لائے اور ملت کے سلگتے مسائل پر تبادلۂ خیال کرتے رہے، خاندانی طور پر خانقاہ رحمانی مونگیرسے قلبی تعلق و لگاؤ تھا، امیر شریعت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی سے حد درجہ محبت کرتے تھے، جب بھی پٹنہ حاضر ی ہوتی حضرت امیر شریعت سے ملاقات کییٔ بغیر نہ جاتے، اس قلبی تعلق کے باعث حضرت امیر شریعت کو بھی مرحوم سے گہرا تعلق تھا، اسی بنیاد پر مرحوم کی نماز جنازہ پڑھانے کے لیے حضرت امیر شریعت نے مونگیر سے جمال پور کا سفر کیا اور نماز جنازہ پڑھائی ،جہاں فرزندان توحید کا بہت بڑا مجمع تھا، اس مجمع سے حضرت امیر شریعت نے تعزیتی کلمات ارشاد فرماتے ہوئے کہا کہ جناب انور علی خان ایک ملی درد رکھنے والے صالح نوجوان تھے، ان کے وصال سے ہم لوگ ایک سماجی خدمت گار سے محروم ہو گئے، مرحوم کے انتقال پر امارت شرعیہ کے ناظم مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا، دارالقضا امارت شرعیہ کے صدر قاضی قاضی شریعت مولانا مفتی محمد انظار عالم قاسمی ،مولانا مفتی وصی احمد قاسمی نائب قاضی شریعت اور مولانا رضوان احمد ندوی معاون ناظم امارت شرعیہ نے نماز جنازہ میں شرکت کے بعد مرحوم کے وارثین سے اظہار تعزیت کی ،مرحوم راجد پارٹی کے سیاسی رہنما جناب افضل علی خان کے بڑے بھائی تھے اور نہایت ہی مخلص و ملنسارآدمی تھے ، مولانا رضوان احمد ندوی نے کہا کہ جناب انور علی خان صاحب میرے رشتے کے مامو تھے اور نہایت ہی خوش اخلاق وخوش اطوار آدمی تھے، ان کے وصال سے ہم ایک شفیق رہنما سے محروم ہو گئے، اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عنایت کرے اور پسماندگان کو صبر و ثبات کی توفیق بخشے، قارئین کرام سے بھی مرحوم کے لییٔ دعائے مغفرت کرنے کی درخواست ہے۔

Comments are closed.