بجلی شارٹ سرکٹ سے مسجد خلیلیہ میں آگ، 4 لاکھ کا سامان جل کر راکھ
جالے(پریس ریلیز) سمری تھانہ حلقہ کے ہرپور پنچایت کے سریا رتن پورہ مدرسہ چوک کے نزدیک واقع مسجد خلیلیہ میں بدھ کی دوپہر اچانک بجلی کے شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ واقعے میں مسجد کے اندر رکھا قیمتی سامان مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گیا۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق نقصان کی مالیت تقریباً چار لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔
مقامی عینی شاہدین کے مطابق، جب مسجد سے دھواں اٹھنے لگا تو گاؤں کے عرفان، ارشاد احمد، علقمہ، دانش، اکرم، مہندی، سلمان اکرم اور ابرار نے فوری طور پر پانی ڈال کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ اطلاع ملنے پر سمری تھانہ سے فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے آگ بجھائی گئی۔
مولانا عارف الرحمن نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کی گاڑی میں پانی کا بہاؤ کم ہونے کے باعث آگ کی شدت پر قابو پانے میں دشواری ہوئی۔ آگ میں مسجد کے ساتھ ساتھ اندر رکھا انورٹر، بیٹری، لاؤڈ اسپیکر، دینی کتابیں اور دیگر سامان تباہ ہو گیا۔
مقامی عوام نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ موقع پر پہنچ کر نقصان کا تخمینہ لگایا جائے اور مسجد انتظامیہ کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔
Comments are closed.