مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

 

آئی او پی بھونیشور میں اے ایم یو کے پروفیسر بی پی سنگھ کا بھارت کی جوہری توانائی کے مستقبل پر خطاب

علی گڑھ، 13 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ طبیعیات کے پروفیسر بی پی سنگھ نے بھونیشور، اڈیشہ کے انسٹی ٹیوٹ آف فزکس میں منعقدہ ”فزکس کولوکویئم“ میں ایک نہایت پُر اثر خطبہ پیش کیا۔ یہ ادارہ ملک کے ممتاز تحقیقی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔ ان کے خطاب کا عنوان ”ایٹم سے قوم کی تعمیر تک: بھارت کے جوہری توانائی مشن کی جانب“ تھا۔خطاب کے بعد ممتاز سائنس دانوں اور نوجوان محققین کے ساتھ ایک تفصیلی تبادلہ خیال بھی ہوا۔

پروفیسر سنگھ نے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے بھارت کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آتم نربھر بھارت 2047 کے ہدف کے پیش نظر پائیدار اور مقامی سطح پر تیار کی جانے والی توانائی کے ذرائع اختیار کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے جوہری توانائی کی قابلِ اعتماد فراہمی، کارکردگی اور کم کاربن کے اخراج کی خصوصیات کو اجاگر کرتے ہوئے اسے مستقبل کی توانائی سلامتی کے لیے کلیدی قرار دیا۔

انہوں نے بھارت کے تین مرحلے والے جوہری پروگرام میں تھوریم پر مبنی ری ایکٹرز کی حکمتِ عملی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ بھارت کے پاس دنیا کے سب سے بڑے تھوریم ذخائر میں سے ایک موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھوریم ایندھن کے استعمال کی سمت جاری پیش رفت ملک کی طویل مدتی توانائی خود کفالت اور ماحولیاتی استحکام کی طرف فیصلہ کن قدم ہے۔

خطاب میں ایکسلیریٹر ڈرائیون سسٹمز (ADS)، ایڈوانسڈ نیوکلئیر ویسٹ مینجمنٹ اور ریڈی ایشن سیفٹی پروٹوکولز جیسے اہم سائنسی پہلوؤں پر بھی گفتگو کی گئی۔

٭٭٭٭٭٭

اے ایم یو کے ہوم سائنس طلبہ کا فوڈ کرافٹ انسٹی ٹیوٹ علی گڑھ کا تعلیمی دورہ

علی گڑھ، 13 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ہوم سائنس کی جانب سے طالبات کو کھانا تیار کرنے، سروس اور ہاسپٹیلٹی مینجمنٹ کے عملی تجربات سے روشناس کرانے کے لیے فوڈ کرافٹ انسٹی ٹیوٹ (ایف سی آئی)، علی گڑھ کا تعلیمی دورہ کرایا گیا۔ یہ دورہ شعبہ کی صدر پروفیسر صبا خان اور ڈاکٹر ارم اسلم کی نگرانی میں منعقد ہوا، جس میں بی ایس سی (کمیونٹی سائنس) کے پہلے اور چوتھے سال کی طالبات نے شرکت کی۔

ایف سی آئی کے پرنسپل اِنچارج جناب کنٹل کشواہا نے طلبہ کا خیر مقدم کیا۔ فیکلٹی ممبر محترمہ کہکشاں پیرزادہ نے انہیں ادارے کے نصاب، انفراسٹرکچر اور تربیتی نظام سے متعارف کرایا۔ انہوں نے ایف سی آئی کے ڈپلومہ اور پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کورسز اور ہاسپٹیلٹی سیکٹر میں دستیاب روزگار کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔

اسسٹنٹ لیکچرر و اسسٹنٹ انسٹرکٹر جناب وسیم حیدر نے مختلف تربیتی لیبارٹریوں کی افادیت اور عملی نظام کی وضاحت کی۔

دورے کے دوران طلبہ نے لارڈر کچن، کوانٹیٹی فوڈ کچن، تھیراپیوٹک کچن سیٹ اپ، تندور لیب، بیسک ٹریننگ کچن اور بیکری و کنفیکشنری لیب سمیت کئی خصوصی لیبارٹریوں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے ٹریننگ ریسٹورنٹ میں پیشہ ورانہ فوڈ سروس اور مینجمنٹ کے مختلف مراحل کا بھی مشاہدہ کیا۔

پروفیسر صبا خان نے اس دورے کو ایک مفید اور معلوماتی تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نظریاتی تعلیم کو عملی ہاسپٹیلٹی دنیا سے جوڑتی ہیں اور طلبہ کی پیشہ ورانہ سمجھ کو مضبوط کرتی ہیں۔

٭٭٭٭٭٭

جے این ایم سی، اے ایم یو میں پہلی مرتبہ ڈی این بی پیڈیاٹرکس کا فائنل عملی امتحان منعقد

علی گڑھ، 13 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ اطفال (پیڈیاٹرکس) میں پہلی مرتبہ ڈپلومیٹ آف نیشنل بورڈ (ڈی این بی) کے فائنل عملی امتحانات منعقد کیے گئے۔ یہ امتحانات نیشنل بورڈ آف ایگزامینیشنز اِن میڈیکل سائنسز کے تحت منعقد ہوئے، جو ملک میں پوسٹ گریجویٹ اور پوسٹ ڈاکٹریٹ طبی تعلیم کے معیار کی نگرانی کرتا ہے۔

این بی ای ایم ایس ملک میں متعدد شعبوں میں ڈی این بی، ڈاکٹر ڈی این بی اورایف این بی کی ڈگریاں عطا کرتا ہے۔ جے این ایم سی میں منعقدہ پیڈیاٹرکس امتحان میں اوبزروڈ اسٹرکچرڈ کلینیکل ایگزامینیشن (او ایس سی ای)، کلینیکل کیسز، وائیوا (زبانی امتحان) اور وارڈ راؤنڈ شامل تھے۔ او ایس سی ای کو این بی ای ایم ایس کمانڈ سینٹر سے محفوظ ویڈیو پلیٹ فارم کے ذریعے تمام مراکز پر بیک وقت ورچوئل انداز میں منعقد کیا گیا، جس کے تحت طلبہ کی طبی معلومات، تشخیصی صلاحیت، بنیادی مہارتوں، پیشہ ورانہ اخلاقیات اور فیصلہ سازی کا جائزہ لیا گیا۔

امتحان کا جائزہ چار ممتحنین پر مشتمل ٹیم نے لیا، جن میں پروفیسر زیبا ذکاء الرّب ایگزامینر کوآرڈینیٹر کے طور پر شامل تھیں، جبکہ ڈاکٹر گلنار نادری نے نان ایگزامینر کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے امتحانات کے دوران انتظامی امور کو کامیابی سے سنبھالا۔

کئی برسوں بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جے این ایم سی میں این بی ای ایم ایس کا ڈی این بی پیڈیاٹرکس کا عملی امتحان منعقد ہوا۔ اس سے قبل اے ایم یو میں ڈی این بی کا عملی امتحان ریڈیو ڈائیگنوسس شعبہ میں پروفیسر محمد خالد کی صدارت کے دوران اور اس سے کئی دہائیوں قبل شعبہ سرجری میں مرحوم پروفیسر نسیم انصاری کے دور میں منعقد ہوچکا ہے۔

٭٭٭٭٭٭

پروفیسر اطہر انصاری اے ایم یو کی ایگزیکٹو کونسل کے رکن نامزد

علی گڑھ، 13 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ہادی حسن ہال کے پرووسٹ پروفیسر محمد اطہر انصاری کو 12 نومبر 2025 سے یونیورسٹی کی ایگزیکٹو کونسل کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ یہ تقرری پرووسٹس کے درمیان ان کی سینئرٹی کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہے۔

Comments are closed.