قومی سطح پر ’نیشنل ایڈلٹ ایوارڈز‘ کا اعلان، ڈاکٹر عبدالقدیر کو سِلور ایلِفنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا
بیدر:18؍نومبر(امین نواز) بھارت اسکاوٹس اینڈ گائیڈز کے قومی صدر دفتر نئی دہلی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نیشنل ایڈلٹ ایوارڈ پریزنٹیشن تقریب 26 نومبر 2025 کو لکھنؤ کے راج بھون میں نہایت وقار کے ساتھ منعقد ہوگی، جس کی صدارت اترپردیش کی گورنر محترمہ آنندی بین پٹیل کریں گی۔ اس باوقار تقریب میں ملک بھر سے منتخب بالغ لیڈروں کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ اعزازات پیش کیے جائیں گے، جن میںسلور ایلِفنٹ، بار ٹو سلور ایوارڈ اور سلور ایوارڈ شامل ہیں۔کرناٹک اسٹیٹ سے جن شخصیات کو اس قومی اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا ہے، ڈاکٹر کے بی گرومورتی،ایس۔ ایچ۔ آر۔ چندر شیکھرن،محترمہ سروجا پی، پی وشواناتھ کے بشمول ڈاکٹر عبدالقدیر کا نام نہایت نمایاں ہے۔ انہیں اسکاوٹس اینڈ گائیڈز تحریک میں اپنی غیر معمولی خدمات، تنظیمی قیادت اور تعلیمی و سماجی میدان میں مثالی کردار کے اعتراف میںسلور ایلِفنٹ ایوارڈ عطا کیا جائے گا،جو ادارے کا سب سے بڑا اعزاز سمجھا جاتا ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر کی شمولیت نہ صرف ریاستِ کرناٹک بلکہ ملک کے اسکاوٹنگ شعبے کے لیے فخر کا باعث قرار دی جا رہی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ایوارڈی حضرات کو 26 نومبر کی صبح 9 بجے دفاع ایکسپو گراؤنڈ، فرینڈاون یوجنا، لکھنؤ میں رپورٹ کرنا ہوگا، جہاں تقریب سے قبل لازمی ریہرسل منعقد کی جائے گی۔ ریہرسل میں شرکت نہ کرنے والے امیدواروں کو راج بھون میں داخلہ نہیں دیا جائے گا۔ مزید یہ کہ تمام شرکاء کے لیے باقاعدہ اسکاوٹ/گائیڈ یونیفارم پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔قومی چیف کمشنر ڈاکٹر کے کے کھنڈیلوال نے ریاستی اسکاوٹ قیادت سے درخواست کی ہے کہ وہ تمام منتخب ایوارڈی حضرات تک یہ معلومات بروقت پہنچائیں اور ان کی شرکت یقینی بنائیں۔یہ اعلان نہ صرف کرنے والوں کے لیے اعزاز ہے بلکہ بھارت اسکاوٹس اینڈ گائیڈز کے لیے ایک اہم سنگِ میل بھی ثابت ہوگا، جس میں ڈاکٹر عبدالقدیر جیسی باصلاحیت اور خدمت گار شخصیت کا اعزاز پوری برادری کے وقار میں اضافہ کرے گا۔
Comments are closed.