الجامعہ نالج ورلڈ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک اہم قدم: "سید منور علی شہاب تھنگل”

 

پرنتھل منا کیرالا(پریس ریلیز) پوپالّتھ میں پچاس ایکڑ پر محیط الجامعہ نالج ورلڈ کے تحت قائم ہونے والے لاء کالج کی سنگ بنیاد سید منور علی شہاب تھنگل نے رکھی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ” الجامعہ شانتاپورم کی سات دہائیوں پر مشتمل تعلیمی خدمات تاریخ کی ایک روشن مثال ہیں۔ نالج ورلڈ کا قیام اسی علمی روایت کی توسیع ہے جو امید اور اعتماد دونوں کو ایک نئی سمت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدل و انصاف کی حمایت تمام آسمانی تعلیمات کی مشترکہ دعوت ہے، اور یہ لاء کالج ایسی نسل تیار کرنے کا عزم رکھتا ہے جو عوام خصوصاً اقلیتی اور پسماندہ طبقات کے قانونی حقوق کے لیے مضبوط آواز بنے گا۔ اوریہ موجودہ وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے”۔

امیر جماعت اسلامی کیرالا پی مجیب الرحمن نے اپنی گفتگو میں کہا "کسی بھی قوم کی بقا حقیقی تعلیمی ترقی میں پوشیدہ ہے۔
الجامعہ نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکر اپنے فکری مشن کو بروقت وسعت دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اس وقت نتیجہ خیز بنتی ہے جب وہ سماجی چیلنجوں کا ادراک رکھتے ہوئے عملی منصوبوں کی صورت اختیار کرے۔

پرنتھل منہا کے رکن اسمبلی نجیب کنٹھاپورم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ” الجامعہ کا نالج ورلڈ منصوبہ قومی اور سماجی سطح پر ایک مثالی تعلیمی نمونہ پیش کرتا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو معاشرے کے لیے ایک مثبت سرمایہ قرار دیا”۔

مدیر اعلی مدھیَمّ میڈیا ون گروپ او عبد الرحمن نے کہا کہ "وقت مسلسل بدل رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی تقاضے بھی نت نئی صورت اختیار کر رہے ہیں۔ اس تناظر میں "لاء کی تعلیم” وقت کی اہم ضرورت ہے” ،اس موقع پر گلف مدھیَمّ کے چیف ایڈیٹر حمزہ عباس نے نجیب کنٹھاپورم کو مومنٹو پیش کیا۔
الجامعہ نالج ورلڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالسلام احمد نے نالج ورلڈ منصوبے کی مستقبل کی صورت گری پیش کرتے ہوئے بتایا کہ "بین الاقوامی معیار کا یہ وسیع کیمپس قانون، سائنس و ٹیکنالوجی، میڈیا مختلف ریسرچ اسٹڈیز، بزنس اسٹڈیز، سماجی علوم اور تحقیق جیسے اہم شعبوں میں اپنا کردار ادا کرے گا اور تعلیم فراہم کراۓ گا”۔ واضح رہے کہ منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل دو ہزار تیس تک متوقع ہے۔
تقریب میں انجینئر شیخ راشد اور سی ایچ عبد الرحیم چیئرمین سیفی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مزید برآں ایم آئی عبدالعزیز چیئرمین الجامعہ سپریم کونسل، وی کے علی چیئرمین آئی ایم ٹی، اور مشاورتی کونسل کے ارکان ڈاکٹر احمد پروفیسر امبچی کویا، ڈاکٹر عبد الربی نستھار پرنسپل الجامعہ آرٹس اینڈ سائنس کالج اور ڈاکٹر بلال وائس پرنسپل نالج ورلڈ لاء کالج نے بھی مہمانوں کو مومنٹو اور تحائف پیش کیے۔

تقریب کا آغاز ڈاکٹر نہاس مالا ڈپٹی ریکٹر الجامعہ شانتا پورم کے استقبالیہ کلمات سے ہوا، جبکہ اخر میں اے ٹی شرف الدین سیکریٹری نالج ورلڈ نے تمام مہمانانِ گرامی اور حاضرینِ مجلس کا بھرپور انداز میں شکریہ ادا کیا.

Comments are closed.