ونابا بھاوے یونیورسٹی کے شعبۂ اردو میں یوم پروین شاکر کا انعقاد، پروین شاکر نے اپنی شاعری سے تخلیقی عمل کو وقار بخشا: ڈاکٹر زین رامیش

 

ہزاری باغ (اسٹاف رپورٹر):ونابا بھاوے یونیورسٹی کے شعبۂ اردو میں معروف شاعرہ پروین شاکر کے یوم پیدائش کے موقع پر ایک محفل مذاکرہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت شعبۂ اردو کے صدر ڈاکٹر زین رامیش نے کی۔ پروگرام میں اساتذہ اور طلبا کی بڑی تعداد شرکت ہوئی۔اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر زین رامیش نے کہا کہ پروین شاکر نے اردو شاعری کو ایک منفرد اسلوب اور تازہ فکری جہت عطا کی۔ انہوں نے غزل اور نظم دونوں میں نسائی احساسات، جذبات اور انسانی حیات کے بنیادی پہلوؤں کو نہایت لطیف انداز میں بیان کیا۔ ان کے مطابق پروین شاکر نے تخلیقی عمل کو وقار بخشا اور جدید اردو شاعری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

اس موقع پر شعبۂ اردو کے استاد ڈاکٹر ہمایوں اشرف نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے پروین شاکر کی شاعری میں موجود تانیثی رجحانات، جدید شعری آگہی اور نوجوان نسل میں ان کی مقبولیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔تقریب سے شعبہ کی معلمات وحیدہ رحمن، شگفتہ ارم اور عالیہ تبسم نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے پروین شاکر کے فنی محاسن، اسلوب کی خاصیت اور اردو ادب میں ان کی نمایاں خدمات کا تذکرہ کیا۔محفل میں سمسٹر سوم کے طلبا و طالبات نے بھی فعال کردار ادا کیا جن میں تہنیت فاطمہ، لیقہ خاتون، نادیہ افشین، عرشی پروین، اجمیری خان، انظار الحق اور محمد جمیل اختر شامل تھے۔ ان طلبا نے پروین شاکر کی شاعری کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر زین رامیش نے تمام شرکا اور طلبا کی بھرپور شرکت کو سراہا اور کہا کہ شعبۂ اردو مستقبل میں بھی اس نوعیت کی علمی و ادبی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔

 

Comments are closed.