دیوبند پولیس نے مڈبھیڑ اور فائرنگ کے تبادلہ کے بعد ایک بدمعاش کو گرفتار کیا

اعلیٰ افسران کے احکامات کے بعد پولیس نے سخت چیکینگ مہم شروع کی : ایس آئی عجب سنگھ
دیوبند،27؍ نومبر(نامہ نگار)
دیوبند پولیس اور بدمعاشوں کے درمیان ہونے والی مڈبھیڑ اور فائرنگ کے تبادلہ کے دوران پولیس کی گولی لگنے سے ایک بدمعاش زخمی ہوگیا ۔زخمی بدمعاش کو پولیس نے حراست میں لے کر علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا ۔پولیس فرار بدمعاش کی تلاش میں آس پاس کے علاقوں میں کامبنگ کررہی ہے ۔موصولہ اطلاع کے مطابق ایس ایس پی کے حکم پر بدمعاشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف چلائی جانے والی چیکینگ مہم کے دوران جب ایس آئی عجب سنگھ اور ایس آئی ہیمنت بھارتی اپنی ٹیم کے ساتھ چندر پور کائستھ گائوں کے ایک چوک پر واقع اینٹ کے بھٹہ کے پاس چیکینگ کررہے تھے تو اسی وقت دیوبند کی جانب سے موٹر سائیکل پر دومشتبہ نوجوان آتے نظر آئے ۔پولیس نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا لیکن بائک پرپیچھے کی جانب بیٹھے بدمعاش نے پولیس ٹیم پر فائر نگ شروع کردی ۔یہ بدمعاش فائرنگ کرنے کے ساتھ ساتھ چندر پور کائستھ گائوں کی جانب بھاگنے لگے ۔پولیس ٹیم نے بدمعاشوں کا پیچھا شروع کردیا اور گائوں کو جانے والی سڑک کے قریب واقع ایک پگڈنڈی پر جاکر بدمعاشوں نے ایک مرتبہ پھر پیچھا کرنے والی پولیس پر فائرنگ شروع کردی ۔پولیس کی جوابی کارروائی اور فائرنگ کے نتیجہ میں گولی لگنے سے ایک بدمعاش زخمی ہوگیا جس کو پولیس نے اپنے حراست میں لے لیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے بدمعاش کی پہچان احمد ولد بدر باشندہ محلہ کائستھ واڑہ دیوبند کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے نوجوان کی عمر تقریباً 26؍سال ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے زخمی بدمعاش کو اسپتال پہنچانے کے بعد فرار ہونے والے دوسرے بدمعاش کی تلاش شروع کردی ہے ۔پولیس نے چندر پور گائوں کے آس پاس کے علاقوں میں زبردست تلاشی مہم شروع کررکھی ہے ۔

Comments are closed.