قاضی اظفار الحق کی نصف صدی پر مبنی اقتصادی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: ڈاکٹر عبید اقبال عاصم

مسلم فنڈ نجیب آباد کے بانی وڈائریکٹر قاضی اظفار الحق کے انتقال پر تعزیت کا سلسلہ جاری

دیوبند،27؍ نومبر(نامہ نگار)
مسلم فنڈ نجیب آباد اور النجیب کے بانی اور متعدد اقتصادی اورتعلیمی اداروں کے بانی قاضی اظفار الحق ذکی کا گذشتہ روز بیماری اور ضعیف العمری کے باعث تقریباً 85؍سال کی عمر میں انتقال ہوگیا ۔ان کے انتقال پر متعدد علمی ،ادبی اور ماہراقتصادیات نے اظہار افسوس کرتے ہوئے پسماندگان سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ذکی صاحب کے انتقال سے عوام ،ماہر اقتصادیات اور تعلیم کی دلدادہ شخصیت سے محروم ہوگئی ہیں ۔آل انڈیا ایجوکیشنل مومینٹ کے سکریٹری ڈاکٹر عبیداقبال عاصم نے قاضی اظفار کی نصف صدی پر مبنی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے مسلم فنڈ نجیب آباد کے علاوہ متعدد شہروں میں مالی اداروں کا قیام کرکے قوم وملت کی بے مثال خدمات انجام دی ہے ،انہوں نے کہا کہ مسلم فنڈ دیوبند کی طرز پر انہوں نے جگہ جگہ مالی ادارے قائم کرکے مسلمانوں کو سودی نظام سے بچایا ۔ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے قاضی اظفار الحق کے فرزندان اور جملہ پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قاضی مرحوم ہمیشہ ملک وملت کی خدمت میں پیش پیش رہے اور یوپی رابطہ کمیٹی کے ساتھ مل کر انہوں نے تعلیمی پیغامات دور دور تک پہنچائے ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم دیانت دار ،معاملہ فہم ،سادہ زندگی اور خوش اخلاقی کے علاوہ گوناگوں صفات کے مالک تھے ۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔نیز جملہ پسماندگان صبر جمیل سے نوازے ۔

Comments are closed.