میوات ہرواڑی میں صالح سماج کی تشکیل کے لیے نوجوانوں کے لیے ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد

 

 

جمعیۃ علماء ہریانہ پنجاب کے صدر مولانا حکیم الدین کا سماجی برائیوں پر صدارتی خطاب۔

 

سماج سے ہر برائی کو جڑ سے ختم کرنے کی اپیل۔

 

اہم مقررین میں مفتی عمر، مفتی تعریف سلیم نے معاشرے سے معاشرتی برائیوں کے خاتمے پر زور دیا۔

 

 

نوح میوات (پریس ریلیز )

 

آج ہریانہ کے میوات علاقے میں نوح ضلع کے سب ڈویژن فیروز پور جھرکہ کے گاؤں ہرواڑی میں بعنوان اصلاح معاشرہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں کی شخصیت سازی، حسن اخلاق، سماجی بیداری اور سماجی رہنمائی و صالح معاشرہ تشکیل دینے کی خاطر پروگرام منعقد ہوا، مذکورہ پروگرام جمعیۃ علماء ہند کے بینر تلے کیا گیا۔

 

جس میں نوجوانوں سمیت گاؤں کے ذمہ دار لوگوں نے حصہ لیا۔ مولانا حکیم الدین اشرف اٹاوڑی صدر جمعیۃ علماء ہند صوبہ پنجاب نے کلیدی مقرر کی حیثیت سے شرکت کی۔

علاوہ ازیں مدرسہ معین الاسلام نوح کے استاذ مفتی عمر، مدرسہ عین العلوم ہوڈل روڈ نوح کے ناظم مفتی تعریف سلیم ندوی، ضلع جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا مفتی مبارک، جمعیۃ علماء ہند میوات کے سابق جنرل سکریٹری مولانا محمد صابر قاسمی نے اپنے خطاب میں صالح سماج کی تشکیل کے خاطر مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر تمام مقررین نے کردار سازی، سماجی خدمت، مثبت سوچ، غلط راستوں سے اجتناب اور قرآن و حدیث کی روشنی میں نظم و ضبط اور نیک زندگی جیسے اہم موضوعات پر رہنمائی فراہم کی۔

 

اس موقع پر مولانا حکیم الدین نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ آج کے دور میں نوجوان نسل کو صحیح سمت، حالات سے آگاہی اور حقیقی اقدار کی اشد ضرورت ہے۔ اس لیے ہم گاؤں والوں سے اپیل کرتے ہیں کہ یہ پروگرام گاؤں سطح پر اور نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کسی بھی معاشرے یا ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ہمارا ملک نوجوانوں کی اکثریت کا ملک ہے۔ اس لیے ملک اور معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہم سب کو آگے آنا ہوگا اور نوجوانوں کا دھیان رکھنا ہوگا۔

مولانا حسن ہرواڑی نے آغاز سے اختتام تک پروگرام کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے 15 سے 30 سال کی عمر کے شامل تمام نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی پروگرام کی نظامت کے فرائض جمعیۃ علماء ہند کے سابق جنرل سیکرٹری مولانا محمد صابر قاسمی نے ادا کیے موصوف نے کہا کہ آج کا پروگرام کوئی روایتی پروگرام نہیں ہے؛ یہ میواتی قوم کے لیے ایک پیغام ہے۔ اس سلسلے میں ہم باشندگان ہرواڑی سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ گاؤں سطح پر ایک اصلاحی کمیٹی بنائیں اور ہر قسم کی برائیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ اور غلط کو غلط اور برائی کو برائی کہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج معاشرے میں برائی پروان اس لیے چڑھ رہی ہے کیونکہ ہم بدکاروں کی برائیوں کو خاموشی سے دیکھ رہے ہیں۔ اس سے معاشرے میں برائیوں میں ملوث افراد کا حوصلہ اور غلبہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہریانہ پنجاب ہماچل چندی گڑھ کے صدر مولانا حکیم الدین کی قیادت میں نہ صرف میوات بلکہ دیگر مقامات اور ریاستوں میں بھی سماجی اصلاح کی مہم جاری ہے۔ اس کا آغاز 9 نومبر کو ضلع کے کھرکھڑی گاؤں کے مدرسہ اشاعت العلوم الیاسہ سے کیا گیا تھا، اب اسی عنوان پر آئندہ پروگرام 29 نومبر کو ضلع کا بڑا گاؤں ساکرس میں منعقد ہونے جا رہا ہے جس کے لیے مقامی سطح پر تیاریاں جاری ہیں۔

 

Comments are closed.