دیورا کی بیٹی نادیہ پروین کا بڑا کارنامہ:ڈی ایل ایڈ انٹرینس میں بہار بھر میں 24 واں مقام، جنرل کیٹیگری میں پانچویں رینک حاصل کر کے علاقہ کا نام روشن کیا
جالے(محمد رفیع ساگر)
مقامی بلاک کے دیورا بندھولی گاؤں کی ہونہار طالبہ نادیہ پروین نے اپنی محنت، لگن اور مضبوط تعلیمی جذبے کے بل پر ایک تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ 19 سالہ نادیہ، جو محمد ظہیر کی بیٹی ہیں، نے ڈی ایل ایڈ انٹرینس ٹیسٹ 2025 میں بہار بھر میں مجموعی طور پر 24 واں مقام جبکہ جنرل کیٹیگری میں پانچویں رینک حاصل کر کے پورے علاقے کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
اس سال منعقدہ امتحان میں 323,313 امیدواروں نے حصہ لیا تھاجن میں سے نادیہ نے 120 میں سے 100 نمبر حاصل کر کے اپنے تعلیمی سفر کو ایک نئی سمت دی ہے۔ ان کی کامیابی نہ صرف ان کی انفرادی محنت کا ثمر ہے بلکہ گاؤں کی بچیوں کے لیے ایک روشن مثال بھی ہے، جو انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ اور اعتماد فراہم کرتی ہے۔
نادیہ پروین جو شروع سے ہی تعلیم میں سنجیدہ اور پُرعزم رہی ہیں، نے اس کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا میں تعلیم کے شعبے میں اپنا کیریئر بنانا چاہتی ہوں۔ میری خواہش ہے کہ آگے چل کر معیاری تعلیم کے ساتھ سماج میں مثبت تبدیلی لا سکوں۔ اللہ نے چاہا تو یہ خواب ضرور پورا ہوگا۔
ان کی شاندار کامیابی پر پورے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی سماجی و تعلیمی شخصیات نے نادیہ کے جذبے اور کارنامے کو بھرپور سراہا ہے۔
سینئر سماجی کارکن ریاض سلفی، ضلع پارشد معاون نمائندہ محمد ذوالقرنین، پروفیسر خادم حسین، مکھیا شوہر محمد سمیع اللہ اشرف نرالے، عبدالمعبود, حاجی گڈّو, سیف الدین گوہر, محمد سمیر, محمد قمر عالم تیمی جے ڈی یو لیڈر ولی امام بیگ چمچم، کانگریس لیڈر صادق آرزو، عامر اقبال اور اسلامک مشن اسکول جالے کے ڈائریکٹر مولانا ارشد فیضی قاسمی سمیت کئی افراد نے مبارکباد دیتے ہوئے روشن مستقبل کی دعائیں دیں۔
دیورا بندھولی جیسے چھوٹے گاؤں سے نکل کر بہار بھر میں ٹاپ 25 میں جگہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ وسائل کی کمی کبھی منزل کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی، اگر ہمت اور مسلسل محنت ساتھ ہو۔
Comments are closed.