شاہ ولی اللہ اسلامک اکیڈمی کے 27 ویں یوم تاسیس پر پروگرام کاانعقاد

اکیڈمی کے بانی قاری محمد خالد بشیر قاسمی نے اکیڈمی کی ستائیس سالہ کار کردگی پر رپورٹ پیش کی
دیوبند،28؍ نومبر(نامہ نگار)
مظفر نگرکے علمی ادارہ شاہ ولی اللہ اسلامک اکیڈمی کے 27 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد’ بعنوان محفل حمد و نعت‘ کیا گیا، جس کا آغاز مولانا قاری دانش نبیل قاسمی کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا اور نذرانہ عقیدت محبت مداح رسول قاری عبد السلام نور مظفر نگر ی نے پیش کیا ۔تقریب کی صدارت مولانا محمد سالم اشرف قاسمی مہتمم دارالعلوم اشرفیہ دیوبند نے کی اور کہاکہ علوم اسلامیہ نے انسانی اذہان کے ارتقاء میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور بنی نوع اِنسان کو علوم الہیہ کے ذریعے اس حقیقت و معرفت تک رسائی حاصل ہوئی ہے۔ضرورت ہے علوم اسلامیہ تک رسائی کی جس کے لئے توفیق خدا وندی کی طلب اور علوم ومعارف کے حصول کے لیے جانفشانی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ نسل نو کی تعلیم و تربیت آفاقی خطوط اور اسلامی علوم ومعارف کی اساس پر انتہائی حساسیت کے ساتھ کی جائے،انہوںنے شاہ اسلامک اکیڈمی کی خدمات کو قابل قدر و لائق ستائش قرار دیا۔تقریب کی نظامت کررہے اکیڈمی کے بانی قاری محمد خالد بشیر قاسمی نے اکیڈمی کی ستائیس سالہ کار کردگی پر اجمالی رپورٹ پیش کی اور آئندہ کے عزائم کا اظہار کیا، جس پر تمام حاضرین و شرکاء نے اپنی تائید وتعاون کا یقین دلایا ۔اس دوران شہر و اطراف کے ایک سو ائمہ مساجد و اساتذہ کرام و مؤذنین کو گرم کمبل پیش کرکے انکی خدمت وحوصلہ افزائی کی گئی ۔اس موقع پر مفتی ظہیر احمد قاسمی علیگ، مفتی ذوالفقار علی قاسمی، مفتی شرافت علی مفتاحی، مولانا محمد جمشید، قاری محمد عمران اور محبوب عالم ایڈوکیٹ وقاری اعظم نے بھی خطاب کیا۔جبکہ محفل تلاوت ونعت کو مزین کرنے والوں میں قاری فرید، قاری نعمان، قاری حفظ الرحمن و بزرگ شاعر ابو الکلام کلیم چرتھاولی اورقاری ظریف اعلائی شامل رہے۔خصوصی شرکاء میں مولانا ا شارت علی قاسمی، ماسٹر اختر خان، نواب دلشاد الٰہی، قاری شمیم، مولانا فضل کریم، مولانا حذیفہ مظاہری، قاری اکرام، قاری شوکت، قاری نذر اور محمد ساجد جیلانی کے نام قابل ذکر ہیں۔

Comments are closed.