اسلامیہ گروپ آف کالج دیوبند میں سالانہ کھیل مقابلوں کا انعقاد

کھیلوں کے ذریعہ سے ذہنی نشوونما ہونے کے ساتھ ساتھ روزگار سے منسلک ہونے کا بھی موقع ملتا ہے :کھیل انچارج سمیت کمار
دیوبند،28؍ نومبر(نامہ نگار)
اسلامیہ گروپ آف کالج دیوبند میں سالانہ کھیل مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ۔اس پروگرام میں ڈسپلن ہندوستان کی ثقافت اور کھیلوں کے تئیں جوش وخروش کا مظاہر ہ دیکھنے کو ملا ۔ان کھیل مقابلوں میں طلبہ وطالبات نے نہایت جو ش وخروش کے ساتھ شرکت کی ۔ان کھیل مقابلوں میں والی بال ،لانگ جمپ ،بیڈمنٹل ،سومیٹر کی دوڑ ،کھوکھو اور شطرنج مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ۔والی بال ٹیم میں صداقت کی ٹیم اور کھوکھو مقابلہ میں صائمہ کی ٹیم کامیاب رہی اسی طرح سومیٹر ریس میں لڑکوں کی ٹیم سے بی اے کے طالب علم محمدعمر اور لڑکیوں کی ٹیم میں بی اے کی طالبہ عافرین نے کامیابی حاصل کی جبکہ لانگ جمپ میں بی بی اے کے طالب علم محمد سمیر اور بیڈمنٹل مقابلہ میں ایل ایل بی کی طالبہ زینب پہلے مقام پر رہے ۔کھیل مقابلوں میں جیتنے والے کھلاڑیوں کو بطور حوصلہ افزائی انعامات سے نوازاگیا ۔کھیل مقابلوں کے اختتام پر ادارہ میں کھیلوں کے انچارج سمیت کمار نے کہا کہ کھیل ہماری زندگیوں میں اجتماعیت کا جذبہ ایک دوسرے کے لئے خدمت کا جذبہ اور روز مرہ کی زندگی کو متوازن بنائے رکھنے میں بے حدمددگار ثابت ہوتے ہیں اس کے علاوہ کھیلوں کے ذریعہ سے ہماری جسمانی اورذہنی نشوونما بھی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجود ہ دور میں کھیلوں کے ذریعہ سے روزگار حاصل کرنے کے مواقعوں میں بہت زیادہ ترقی ہوچکی ہے ۔اسی لئے تمام طلبہ وطالبات کوچاہئے کہ وہ مسلسل کھیلوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے رکھیں اور دوسرے لوگوں کو بھی فٹ انڈیا مومینٹ سے منسلک کرنے کے لئے بیدار کریں ۔اس موقع پر کھیل کمیٹی کے رکن ڈاکٹر طلحہ کمال ، ڈاکٹر سرویز علی ،ڈاکٹر واجد علی ،ندیم احمد ،پروین یادو ،صاحب علی ،عثمان ،روبینہ اور ام سلمہ وغیرہ موجود رہی ۔

Comments are closed.