صوبائی حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کو بڑی راحت دینے کا اعلان

یکم دسمبر سے اسکیم کا نفاذ ،28؍ فروری 2026تک آسان قسطوں میں ادائیگی کا اعلان
دیوبند،28؍ نومبر(نامہ نگار)
جمعہ کے روز بجلی محکمہ کے ایس ڈی او دنیش کمار نے نگر پنچایت برانچ ایمبسیڈرایڈوکیٹ نعیم ملک سے ملاقات کی اور بجلی صارفین کو زیادہ سے زیادہ رعایت دینے سے متعلق بیدار کرنے کے لئے اپیل کی ۔نعیم ملک نے کہا کہ اترپردیش میں بجلی صارفین کو یوگی آدتیہ ناتھ حکومت بڑی راحت دینے جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یکم دسمبر سے بجلی بل راحت یوجنا 2025-26نافذ ہونے جارہی ہے ۔اس اسکیم کے تحت پہلی مرتبہ صدفیصدسود کی معافی کے ساتھ ساتھ اصل رقم میں بھی بڑی رعایت دی جائے گی ۔گھریلواور کمرشیل بجلی صارف اس سے استفادہ کرسکیں گے ۔ انہوں نے اسکیم کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ یکم دسمبر 2025سے 28؍ فروری 2026بل جمع ہوں گے ۔ایس ڈی اودنیش کمار نے بتایا کہ اترپردیش پاور کارپوریشن لمیٹڈ کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق اس اسکیم کے تحت دوکیلو واٹ تک کے گھریلو بجلی صارف اور ایک واٹ تک کے دکاندار بجلی صارفین کو بل کی اصل رقم میں 25؍ فیصد تک کی رعایت دی جائے گی ۔اس کے علاوہ بلوں پر لگنے والے سود پر بھی صد فیصد چھوٹ دی جائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ بجلی صارفین اپنے بل کی رقومات چھوٹی چھوٹی آسان قسطوں میں جمع کرسکیں گے ۔اس کے علاوہ صوبائی حکومت نے بجلی صارفین کو ہرطرح کے بجلی چوری معاملات میں بھی راحت دینے کا اعلان کیا ہے ۔اس اسکیم کے تحت انہیں مقدمات سے چھٹکارا مل جائے گا ۔یوپی پاور کارپوریشن لمیٹڈ کے مطابق بجلی صارفین 1912نمبر پر ڈائل کرکے اس اسکیم کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت رجسٹریشن کے لئے یوپی پی سی ایل کنزیومر ایپ ،بجلی محکمہ کے دفتر فٹنیس ایجینٹ میٹر ریڈر یا جن سیوا کیندر کے ذریعہ سے درخواست دے سکتے ہیں ۔اس اسکیم کے تحت رجسٹریشن کے لئے 2000؍روپے کی فیس مقرر کی گئی ۔

Comments are closed.